صاحبزادہ فرحان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اہم سنگ میل عبور کرلیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2026 GMT
قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا۔سری لنکا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا کے خلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 1000 رنز مکمل کرلیے۔29 سالہ صاحبزادہ فرحان نے اپنی 41 ویں اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے 10 ویں پاکستانی بیٹر ہیں۔ ان سے قبل بابر اعظم، محمد رضوان، محمد حفیظ، شعیب ملک، فخر زمان، عمر اکمل ، احمد شہزاد، شاہد آفریدی اور صائم ایوب بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے 1000 رنز مکمل کرچکے ہیں۔آج کے میچ میں صاحبزادہ فرحان نے 41 گیندوں پر 73 رنز کی اننگ کھیلی اور ٹیم کے لیے بڑا اسکور بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ٹی ٹوئنٹی
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔