ملک کے حالات پہلے سے بہتر ہیں، مکمل بہتر ہونے میں وقت لگے گا: آصف علی زرداری
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2026 GMT
صدرِ مملکت آصف علی زرداری---فائل فوٹو
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو ہم بناتے رہے ہیں، ملک کے حالات پہلے سے بہتر ہیں، مکمل بہتر ہونے میں وقت لگے گا۔
وہاڑی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس شخص کو روز بھاشن دینے کی عادت تھی، ہر ٹی وی پر اس کی تقریر آتی تھی تو باقی تقریریں بند ہو جاتی تھیں، ڈیڑھ سال نہیں ہوا کہ وہاں سے آواز آ رہی ہے، بیٹا کہہ رہا ہے کہ اسے ملنے نہیں دیا جا رہا، میں نے 14 سال جیل کاٹی، اپنے بچوں سے جب ملا تو وہ مجھ سے قد میں بڑے تھے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ یہ تکالیف تو آپ نے برداشت کرنی ہیں، یہ تو زندگی کا حصہ ہیں، اگر نہیں برداشت کر سکتے تو کوئی اور آسان کام کرو نا، یہ کام کرنا ضروری ہے؟ تم مدر ٹیرسا بن جاتے، کرکٹ کے گاڈ بن جاتے، ہر جگہ کرکٹ کلبس بناتے، تم ایک شعبے کو لے لیتے، اگر سیاست ہے تو اس میں ہر شعبہ آتا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں نے جیل کاٹی ہے، کہا تھا 2 سال بعد جیل پوچھتی ہے۔
صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ قومی ترقی کا انحصار کسانوں کو مضبوط بنانے، جدید زرعی طریقوں کے فروغ میں ہے، پاکستان کے معاشی چیلنجز کا واحد پائیدار حل زراعت ہے، 50 فیصد میرے پارٹنر کسان ہیں۔
اِن کا کہنا ہے کہ کسانوں کو سہولت کی فراہمی وقت کا تقاضہ ہے، زرعی شعبے کی بہتری سے ملک ترقی کر سکتا ہے، ملک میں ہر قسم کی نعمت موجود ہے، تسلسل اور سوچ نہیں، ہمیں پانی کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہو گا، پنجاب کے لوگوں سے کہہ کہہ کر تھک گیا ہوں کہ اپنا پانی راوی سے نکالو۔
صدرِمملکت کا کہنا ہے کہ مجھے معلوم ہے کہ بلوچستان کے عوام میں درد ہے، ہم تو سندھ اور بلوچستان تک محدود ہیں، پنجاب میں ہماری حکومت نہیں، کے پی کی اپنی سوچ ہے، کے پی حکومت مار کٹائی پر اتری ہوئی ہے، ملک ان کو بنانا نہیں، لوگوں کا کام کرنا نہیں، کے پی حکومت نے کوئی کام نہیں کیا، ملک 1 سال رک جائے تو 10 سال پیچھے چلا جاتا ہے، یہ ملک 4 سال رک گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ججز کی تنخواہیں میں نے 3 گنا کر دیں، میں ہر کام سمجھ اور سوچ کر کرتا ہوں، ہم ایسی لیڈر شپ چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں جو پاکستان سنبھال سکے، دعا ہے کہ آنے والے ہمیں اچھی سوچ سے یاد کریں۔
اِن کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس کے ایک انچ پر بھی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، شہید بھٹو نے علاقائی خطرات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، حکمرانی کے لیے لچک اور سیاسی بلوغت ضروری ہے، سیاسی تعاون انتہا پسندانہ رجحانات کو روکنے میں مدد دیتا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: علی زرداری کہنا ہے کہ
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔