پاک امریکا تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں: شہباز شریف
اشاعت کی تاریخ: 4th, June 2025 GMT
وزیرِ اعظم شہباز شریف امریکی سفارتخانے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے ہیں—’جیو نیوز‘ گریب
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، امریکا پاکستان کو تسلیم کرنے والے ابتدائی ممالک میں شامل تھا۔
یہ بات انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانے میں منعقدہ ریاست ہائے متحدہ امریکا کی آزادی کی 249 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت، سفارت خانے اور امریکی عوام کو آج کے دن کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں، دونوں ملک جمہوری روایات اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی ایک تاریخ ہے، پاکستان کی ترقی کے لیے مختلف امریکی منصوبے قریبی تعلقات کے عکاس ہیں، نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ شروع ہوئی ، 2018ء میں پاکستان نے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر دیا تھا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: شہباز شریف
پڑھیں:
یو این کی کمیٹیوں اور گروپ کی ذمے داری پاکستان کو سونپ دی گئی: وزیرِ اعظم شہباز شریف
—فائل فوٹووزیرِ اعظم شہباز شریف نے بتایا ہے کہ پاکستان کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1988ء کی پابندیوں والی کمیٹی کی چیئرمین شپ سپرد کی گئی ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو یو این کاؤنٹر ٹیررازم کمیٹی کا نائب چیئرمین بھی مقرر کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو دستاویزات اور پابندیوں سے متعلق یو این ورکنگ گروپ کا شریک چیئرمین بھی بنایا گیا ہے، یہ تقرریاں عالمی برادری کا پاکستان پر اعتماد اور انسدادِ دہشت گردی میں کارکردگی کا اعتراف ہیں۔
پاکستان کا انتخاب نیویارک میں یو این اقتصادی و سماجی کونسل کے انتخابات میں عمل میں آیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بھرپور، مستقل اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا ہے، ہماری قربانیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی، 150 ارب ڈالرز سے زائد معاشی نقصانات برداشت کیے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد دنیا میں مثال بن چکی ہے، یہ تقرریاں پاکستان کے عالمی کردار کو مزید تقویت دیں گی۔