مقبوضہ کشمیر؛ یوم آزادی پر قائداعظم، علامہ اقبال اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تصاویر آویزاں
اشاعت کی تاریخ: 14th, August 2025 GMT
یومِ آزادی کے پُرمسرت موقع پر غیور اور بہادر کشمیری عوام نے بھارت کے جبر کو اپنے عزم تلے روندتے ہوئے پاکستان سے محبت کا بے مثال ثبوت دیدیا۔
مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بھاری نفری اور کڑی نگرانی کے باوجود پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر کشمیری عوام نے اپنی لازوال وابستگی اور قومی جذبے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
وادی کے مختلف علاقوں میں پاکستانی پرچم، قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی تصاویر کے ساتھ ساتھ مبارکباد اور یومِ تشکر کے پوسٹرز آویزاں کر دیے گئے۔
سرینگر اور دیگر علاقوں میں آویزاں بینرز پر "یومِ تشکر پاکستان" اور "آپریشن بنیان مرصوص" کے الفاظ درج تھے، جو کشمیریوں کی پاکستانی فوج پر اعتماد اور تحفظ کے احساس کو ظاہر کرتے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کو یومِ آزادی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انھوں نے بھارت کے یومِ آزادی 15 اگست کو کشمیریوں کے لیے یومِ سیاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیور کشمیری پاکستان کو اپنا محسن اور بھارت کو جابر اور قابض سمجھتے ہیں۔
حریت رہنماؤں نے یہ بھی اعلان کیا کہ 15 اگست کو مکمل ہڑتال کی جائے گی تاکہ دنیا کو پیغام دیا جا سکے کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ ایک متنازع علاقہ ہے جس کے عوام اپنے حقِ خودارادیت کے منتظر ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔