نواز شریف سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
اشاعت کی تاریخ: 8th, December 2025 GMT
لاہور، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبرنگار خصوصی) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے درمیان جاتی امراء میں اہم ملاقات ہوئی جس میں موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں میاں نواز شریف نے اہم سیاسی امور کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کو گائیڈ لائن دی۔ صدر ن لیگ نے معاشی اشاریے بہتر ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کی۔ ملاقات میں مریم نواز بھی موجود تھیں۔ اسلامی نظریہ کونسل کے چیئرمین علامہ راغب حسین نعیمی نے بھی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی۔ سیاسی و مذہبی معاملات پر گفتگو ہوئی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے سائوتھ ایشین ایسوسی ایشن فار ریجنل کوآپریشن (سارک) کے چارٹر دن کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر تمام رکن ممالک کی حکومتوں اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے کہا آج کا یہ پر مسرت موقع ہمیں جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے ہمارے مشترکہ عزم کی بھی یاد دلاتا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سارک چارٹر دن کی چالیسویں سالگرہ، 8 دسمبر 2025ء پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم نے کہا چالیس برس قبل جب سارک کی بنیاد رکھی گئی تھی تو مقصد یہ تھا کہ ہمارے ممالک کے درمیان مکالمے کو فروغ دیا جائے، تعاون کو مضبوط کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے علاقائی، سیاسی عوامل کے باعث یہ مقاصد مکمل طور پر حاصل نہیں ہو سکے، تاہم میں سارک سیکرٹریٹ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ اس نے تنظیم کے اہداف کے فروغ اور رکن ممالک کے درمیان بامعنی تعاون کے مواقع پیدا کرنے میں تسلسل کے ساتھ بھرپور معاونت فراہم کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں بڑھتے ہوئے علاقائی تعاون کے تناظر میں، جنوبی ایشیا میں اقتصادی، ڈیجیٹل اور عوامی روابط کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ ہمیں مل کر ایسے روابط کو تقویت دینا ہوگی جو تجارت، سرمایہ کاری، جدت اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا خطہ غربت، موسمیاتی تبدیلی سے پیدا آفات، غذائی و توانائی کے عدم تحفظ اور صحت عامہ جیسے مشترکہ چیلنجز کا سامنا کر رہا ‘ ان کا حل باہمی اعتماد، نیک نیتی اور تعاون کی روح کے ساتھ اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ صرف مشترکہ اقدام کے ذریعے ہی ہم اپنی عوام کیلئے ایک مضبوط اور جامع مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان سارک چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کیلئے پرعزم ہے۔ آئیے آج ہم اپنے عزم کی تجدید کریں کہ ہم ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال جنوبی ایشیا کی تشکیل کے لیے مل کر کام کریں گے۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایس او ایس چلڈرن ویلجز پاکستان کی سبکدوش صدر مسز ثریا انور کی یتیم اور کمزور بچوں کیلئے 50سالہ خدمات کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا انکی سربراہی میں ایس او ایس 65 پراجیکٹس کر چکی، 2600 بچوں کی دیکھ بھال، 12,500 طلباء کو تعلیم پر سبسڈی اور ہر سال 1,200 نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کر رہی ہے۔ حکومت نے ایس او ایس چلڈرن ویلجز پاکستان کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔سابق گورنر پنجاب شاہد حامد کو ایس او ایس چلڈرن ویلجز پاکستان کا نیا صدر منتخب کر لیا گیاہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کو سندھ کلچر ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج، ہم اپنے سندھی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مل کر دنیا کی قدیم ترین، بھرپور اور سب سے زیادہ متاثر کن تہذیبوں میں سے ایک کا جشن منا رہے ہیں۔ ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا سندھ کلچر ڈے ہمیں پاکستان کی ثقافتی ہم آہنگی، جمہوری روایات، فکری قوت اور معاشی ترقی میں صوبے کی بے مثال خدمات کی یاد دلاتا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: وزیراعظم شہباز شریف اعظم شہباز شریف شہباز شریف نے اعظم نے کہا ایس او ایس
پڑھیں:
پاکستان میں اسمارٹ فون کا استعمال 62 سے بڑھ کر 72 فیصد تک پہنچ گیا، وزیراعظم کو بریفنگ
اسلام آباد:پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کا تناسب 2024ء میں 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026ء میں 72 فیصد ہوگیا، وزیراعظم نے ملک بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مزید بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی کارکردگی پر اجلاس ہوا جس میں ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ ، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیر تعلیم خالد مقبول، وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موبائل اسپیکٹرم کی دستیابی جون 2025ء میں 274 میگا ہرٹز سے بڑھ کر جون 2026ء میں 880 میگا ہرٹز ہوگئی، موبائل اسپیکٹرم میں اضافے سے انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وزیراعظم کو "کنیکٹ پاکستان وژن 2030ء " کے اجراء کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا ہے کہ باغ، آزاد جموں و کشمیر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مکمل ہو چکا ہے، پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کا تناسب 2024ء میں 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026ء میں 72 فیصد ہوگیا، جون 2026ء تک 5.1 ملین گھروں میں فکسڈ براڈ بینڈ /فائبر کنکشن دئیے گئے، حکومتی اقدامات کی بدولت پچھلے مالی سال آئی ٹی کے شعبے میں ہوئی برآمدات میں فری لانسرز کا حصہ 1164.7 ملین ڈالر رہا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے تحت حکومت پاکستان کی 130 سروسز کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے، پچھلے مالی سال آئی ٹی کے شعبے میں 942,646 تربیتی سرٹیفکیٹس دیئے گئے جن میں 5053 ہائے اینڈ تربیتی پروگرام منعقد ہوئے ؛ لیڈرشپ اور سافٹ اسکلز کی 2700 ٹرینینگز کا انعقاد ہوا، ویمن انوویشن اینڈ اسٹارٹ اپ ایمپاورمنٹ لیب کے منصوبہ کا افتتاح جلد ہی ہوگا۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چینی کمپنی علی بابا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تحت وفاقی حکومت کی کئی وزارتوں اور اداروں میں مصنوعی ذہانت کی نفاذ اور اس حوالے سے کئی منصوبے اور تربیتی سیشنز منعقد کئے جا رہے ہیں۔
بتایا گیا کہ سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن، وزارت ریلوے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی، وزارت قومی غذائی تحفظ ، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پاکستان سنگل ونڈو، وزارت قومی غذائی تحفظ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان، پاکستان پوسٹ، وفاقی ترقیاتی ادارہ، وزارت بحری امور اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں علی بابا مصنوعی ذہانت کے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سالانہ آئی ٹی برآمدات 21 فیصد اضافے کے ساتھ 4.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تمام ٹیم کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ حکومت کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لیے لئے جانے والے اقدامات پالیسیوں کا ثمر ہے، ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، آئی ٹی کے شعبے میں دیئے جانے والے تربیتی کورسز کی معتبر تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے، آئی ٹی کے شعبے میں تربیت کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے ملک بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔