انڈونیشیا کے صدر ابووو سوبیانتو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے
اشاعت کی تاریخ: 8th, December 2025 GMT
جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں اسلام آباد کی فضاؤں نے ان کا فقیدالمثال استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر کے چھ جنگی طیاروں نے معزز مہمان کے طیارے کا گھیراؤ کرتے ہوئے روایتی فضائی سلامی پیش کی، جو دونوں ممالک کے دیرینہ اور مضبوط تعلقات کی علامت قرار دی گئی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے بذاتِ خود وفد کے ہمراہ مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ اسکول کے بچوں نے روایتی گرمجوشی کے ساتھ پھول پیش کیے۔ استقبال کا یہ شاندار منظر پاکستان اور انڈونیشیا کے برادرانہ رشتے کی گہرائی کا واضح اظہار تھا۔
پاک فضائیہ کے جے ایف-17 طیاروں کی جانب سے فضائی سلامی اور مہمان طیارے کو حفاظتی حصار میں لینا ایک ایسا پروٹوکول ہے جو نہ صرف باہمی احترام کی روایت کو مضبوط کرتا ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور دوستی کے دیرینہ رشتے کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔ انڈونیشین صدر نے اس پرتپاک خیرمقدم پر پاکستانی عوام، قیادت اور پاک فضائیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اس دورے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا اپنے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں، اور صدر سوبیانتو کا یہ پہلا دورۂ اسلام آباد دونوں ملکوں کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر پرابووو سوبیانتو دورے کے دوران وزیراعظم سے وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ صدر آصف علی زرداری، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی اہم ملاقاتیں کریں گے۔
دورے میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر جامع گفتگو متوقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک علاقائی و عالمی سطح پر شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے فیصلے بھی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونے کا امکان ہے، جو مستقبل کے تعاون کی نئی راہیں کھولیں گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل انڈونیشیا کے پر پاکستان
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔