سوڈان میں ڈرون حملہ، یو این امن مشن کے 6 بنگلادیشی اہلکار جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 14th, December 2025 GMT
سوڈان میں ایک ڈرون حملے کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے امن مشن سے تعلق رکھنے والے 6 بنگلادیشی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
اقوام متحدہ کے مشن کے مطابق یہ حملہ ہفتے کے روز سوڈان کے کوردوفان ریجن میں یو این مشن کے بیس پر کیا گیا۔
ڈرون حملے میں بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے 6 امن اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ مزید 6 اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، اور تمام زخمیوں کا تعلق بھی بنگلادیش سے ہے۔
بنگلا دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ اہلکاروں کو فوری اور ہر ممکن ہنگامی امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے جاں بحق اہلکاروں کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت بھی کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی امن مشن کے اہلکاروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے عملے کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے اور ایسے حملے ممکنہ طور پر جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔
سوڈانی فوج نے اس حملے کا الزام باغی گروپ ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) پر عائد کیا ہے۔ تاہم آر ایس ایف کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے شدید خانہ جنگی جاری ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اقوام متحدہ کے مشن کے
پڑھیں:
پنجاب میں پہلی بار سیلاب کی پیشگی اطلاع کیلئے ڈرون مانیٹرنگ شروع
حکام کے مطابق تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرون سرویلنس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی ریلوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع اور نگرانی کے لیے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرون سرویلنس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی ریلوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔
ڈرون مانیٹرنگ کے دوران جھنگ کے تریموں بیراج میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ریکارڈ کی گئی جبکہ پاکپتن میں دریائے راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال، پانی کی آمد اور دریائی کناروں پر کٹاؤ کا جائزہ لیا گیا، جہاں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق رہا۔
سرگودھا میں دریائے چناب پر واقع طالب والا پل، خانیوال میں ہیڈ سدھنائی بیراج اور ہیڈ ورکس، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں رسول بیراج پر بھی ڈرون سرویلنس کے ذریعے پانی کے بہاؤ کی نگرانی کی گئی۔ حکام کے مطابق ساہیوال کے علاقے کتب شہانہ کے قریب نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سیالکوٹ کے ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ ہوا۔