ملیر میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والا ملزم 12 سالہ بچے کا قاتل نکلا
اشاعت کی تاریخ: 1st, January 2026 GMT
ملیرنشترآباد ریلوے ٹریک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والا ملزم 12 سالہ بچے کا قاتل نکلا
ملیرنشترآباد ریلوے ٹریک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والا ملزم ڈکیتی کے دوران 12 سالہ بچے کو قتل اوراس کی والدہ کوزخمی کرنے کے واقعے میں ملوث نکلا۔
ماڈل کالونی تھانے کے علاقے ملیر نشترآباد ریلوے ٹریک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والا ملزم محمد رضوان ولد فضل حکیم 15 مئی 2025 کو لانڈھی تھانے کی حدود میں ڈکیتی کے دوران 12 سالہ بچے امین عرف شانو کو قتل اور اس کی والدہ ناصرہ کو زخمی کرنے کے واقعے میں ملوث تھا۔
مقدمے کی تحقیقات ایس آئی یو پولیس کر رہی تھی ، پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم متعدد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کے خلاف الفلاح ، قائد آباد ، شرافی گوٹھ ، سکھن ،لانڈھی اورشاہ لطیف ٹاؤن تھانے میں قتل، ڈکیتی،غیرقانونی اسلحہ اورپولیس مقابلے سمیت دیگر دفعات کے تحت 24 سے زائد مقدمات درج تھے۔
ملزم کے خلاف ڈکیتی کی وارداتوں کی متعدد سی سی ٹی وی ویڈیوز بھی موجود ہیں ، پولیس کے مطابق دورانِ گشت پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سوار ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈکیت موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ہلاک ملزم محمد رضوان کے قبضے سے ایک پستول 30 بور بمعہ ایک لوڈ میگزین ، راؤنڈز اور سچل تھانے کی حدود سے چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
ہلاک ملزم کے خلاف 2 مقدمات ماڈل کالونی تھانے میں درج کرلیے گئے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سالہ بچے
پڑھیں:
چیک ریپبلک میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ؛ ایک فوجی ہلاک اور 4 زخمی
چیک ریپبلک کے مشرقی حصے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چیک وزارتِ دفاع اور فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثہ بدھ کے روز نامیشت ناد اوسلاوو ایئر فورس بیس پر پیش آیا جو دارالحکومت پراگ سے تقریباً 180 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر UH-1Y Venom تھا، جس میں مجموعی طور پر 5 فوجی اہلکار سوار تھے۔ حادثے میں ایک اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ تین زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر معمول کی فوجی تربیتی سرگرمی کے سلسلے میں پرواز کر رہا تھا، تاہم حکام نے ابھی تک اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فوج نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہیں۔
چیک حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں، آیا حادثہ تکنیکی خرابی، موسمی حالات یا انسانی غلطی کے باعث پیش آیا۔ تحقیقات کے نتائج سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔