کراچی ایئرپورٹ پر نیا انوکھا عہدہ ،افسر کو سیوریج اور چوہوں کا انچارج بنا دیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 2nd, January 2026 GMT
کراچی ائیرپورٹ پر ایک افسر کو بطور انچارج سیوریج (بیت الخلاؤں کی صفائی) اور چوہوں کو پکڑنے کی ڈیوٹی پر نامزد کردیا گیا ہے۔ افسر اس بات کا بھی پابند ہوگا کہ ہر گھنٹے کی دستخط شدہ صفائی رپورٹ ڈپٹی ڈائریکٹر کو پیش کرے ،یہ انتہائی حیرت انگیز آرڈر ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن شہزاد اکبر نے جاری کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر کراچی منتظر مہدی نے اسسٹنٹ سب انسپیکٹر منور مہدی کو کراچی ائیرپورٹ پر تعینات کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر نے ایک نئے عہدے کی بنیاد رکھی اور اس کو ایڈمن انچارج بنا دیا۔ اس کے فرائض میں امیگریشن میں موجود سیوریج یعنی تمام بیت الخلاء کی صفائی ستھرائی کی سپر ویژن اور اس کی ہر ایک گھنٹے بعد اپنے دستخط سے رپورٹ پیش کرنا ضروری ہوگا۔ اس کے فرائض میں یہ بھی شامل کیا گیا ہے کہ وہ امیگریشن اور ڈپٹی ڈائریکٹر آفس میں جو چوہے "تخریب کاری" کرتے ہیں وہ کس بیت الخلاء اور کس سیوریج کی لائنوں کے ذریعے اپنا سفر کرتے ہیں اس کی بھی نشاندہی کرنا شامل ہے۔ مذکورہ آرڈر سے ایف آئی اے افسران میں سخت بے چینی اور بد دلی پھیلی ہوئی ہے اور آف لوڈنگ کے غیر مبہم زبانی احکامات اور محکمانہ کارروائیوں کے شکار ایف آئی اے افسران اس غیر پیشہ ورانہ آرڈر کو اپنی مزید تذلیل سے تعبیر کر رہے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ڈپٹی ڈائریکٹر
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔