پاکستان کے سفیر سہیل محمود نے ڈی-8 تنظیم کے سیکریٹری جنرل کا منصب سنبھال لیا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, January 2026 GMT
اسلامی جمہوریہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے سینئر سفارت کار سفیر سہیل محمود نے ڈیویلپنگ-8 (ڈی-8) تنظیم برائے اقتصادی تعاون کے نئے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
اس حوالے سے ایک پروقار تقریب استنبول میں واقع ڈی-8 سیکریٹریٹ کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی جہاں سفیر سہیل محمود نے عہدے کی ذمہ داریوں کا باضابطہ طور پر چارج لیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے سیکریٹری جنرل سفیر امام نے سفیر سہیل محمود کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اِنہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے کامیاب اور نتیجہ خیز مدتِ کار کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سفیر سہیل محمود نے سفیر امام کا گرمجوش استقبال اور تنظیم کے لیے ان کی خدمات پر دلی شکریہ ادا کیا اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سفیر سہیل محمود نے ڈی-8 تنظیم کی بے پناہ صلاحیت پر زور دیا اور کہا کہ ترجیحی پروگراموں، اسٹریٹجک اقدامات اور فلیگ شپ منصوبوں کے مؤثر نفاذ کے ذریعے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکتا ہے۔
اُنہوں نے ڈی-8 چارٹر اور دس سالہ روڈ میپ میں متعین اہداف کے حصول کے لیے رکن ممالک، شراکت داروں اور سیکریٹریٹ کے ساتھ قریبی اور نتیجہ خیز تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب کے اختتام پر دستاویزات پر دستخط کیے گئے اور ایک یادگاری گروپ فوٹو لیا گیا جس کے ساتھ ہی سفیر سہیل محمود کی بطور سیکریٹری جنرل ڈی-8 تنظیم برائے اقتصادی تعاون مدتِ کار کا باضابطہ آغاز ہو گیا جو یکم جنوری 2026ء سے مؤثر ہے۔
چار دہائیوں پر محیط شاندار سفارتی اور عوامی خدمات کے حامل سفیر سہیل محمود اس سے قبل 2019ء سے 2022ء تک پاکستان کے 30ویں سیکریٹری خارجہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ 2013ء سے 2019ء تک جمہوریہ ترکیہ میں پاکستان کے سفیر بھی تعینات رہے جہاں انہوں نے پاک-ترک تعلقات کے فروغ، سیاسی، دفاعی اور معاشی تعاون کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
بعد ازاں 2023ء سے 2025ء تک انہوں نے پاکستان کے ممتاز پالیسی تھنک ٹینک، انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (ISSI) کی سربراہی بھی کی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: سفیر سہیل محمود نے سیکریٹری جنرل پاکستان کے کے لیے
پڑھیں:
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے ملاقات، دینار ہسپتال ڈی آئی خان کیلئے ریڈیالوجی مشینری اور طبی آلات کی فراہمی پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2026ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ منگل کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ڈی آئی خان کے دینار ہسپتال کے لیے ریڈیالوجی مشینری اور طبی آلات کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔(جاری ہے)
اس موقع پر گورنر نے کہا کہ جنوبی اضلاع کے کینسر کے مریضوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے، وفاق طبی آلات کی فراہمی میں تعاون کرے جس پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے دینار ہسپتال کے لیے ضروری مشینری اور طبی آلات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
گورنر نے کہا کہ وفاق صحت کے شعبے میں خیبرپختونخوا کے پسماندہ اور متاثرہ علاقوں پر خصوصی توجہ دے، دینار ہسپتال میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی سے جنوبی اضلاع کے مریضوں کو ریلیف ملے گا۔ وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے ہرممکن تعاون کریں گے۔ ملاقات میں وفاق اور خیبرپختونخوا کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی بھی اس موقع پر موجود تھے۔