نیپرا نے متعدد پاور اسٹیشنز، کمپنیوں کی حفاظتی کارکردگی ناقص قرار دے دی
اشاعت کی تاریخ: 6th, January 2026 GMT
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے متعدد پاور اسٹیشنز اور کمپنیاں حفاظتی کارکردگی میں ناقص قرار دے دیں۔
نیپرا نے بجلی پیداوار، ترسیل اور تقسیم سے متعلق کمپنیوں کی 25-2024ء کی رپورٹ جاری کردی ہے، جو کمپنیوں کی ہیلتھ، سیفٹی اور انوائرنمنٹ سے متعلق ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ حفاظتی غفلت کی صورت میں کمپنیوں کے سربراہان ذاتی طور پر ذمے دار ہوں گے، کام کے دوران یا عوام سے متعلق حادثات پر سی ای اوز اور متعلقہ افسران جوابدہ ہوں گے۔
نیپرا رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ حفاظتی قوانین اور ایس او پیز کی خلاف ورزی حادثات کی بڑی وجہ بن رہی ہے، بجلی کے شعبے میں ایچ ایس ای کے 20 معیارات پر کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ چشمہ نیوکلیئر پاور اسٹیشن حفاظتی درجہ بندی میں سرفہرست رہا، کراچی نیوکلیئر پاور اسٹیشن حفاظتی کارکردگی میں دوسرے نمبر پر رہا۔
نیپرا رپورٹ میں کہا گیا کہ متعدد پاور اسٹیشنز اور کمپنیاں حفاظتی کارکردگی میں ناقص ہیں، سرکاری شعبے میں حفاظتی نظام میں مسلسل کمزوریاں سامنے آئیں۔
رپورٹ میں میپکو، گیپکو، فیسکو اور ٹیسکو کو آؤٹ اسٹینڈنگ ریٹنگ ملی، لیسکو، حیسکو اور کیسکو کو فیئر درجہ دیا گیا، آئیسکو، پیسکو اور سیپکو کو گُڈ ریٹنگ ملی۔ کےالیکٹرک نے پیداوار، ترسیل اور تقسیم میں مستقل اعلیٰ درجے کی کارکردگی برقرار رکھی۔
رپورٹ کے مطابق غیر محفوظ طریقہ کار کے باعث کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات کا خدشہ ہے، خراب اور غیر تسلی بخش کارکردگی والی کمپنیاں پوری سیفٹی معیارات میں بہتری لائیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: حفاظتی کارکردگی کمپنیوں کی کہا گیا کہ رپورٹ میں
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔