پنجاب، 5روپے فی من شوگر سیس عائد، قیمتوں میں اضافے کا خدشہ
اشاعت کی تاریخ: 7th, January 2026 GMT
لاہور(نیوزڈیسک) پنجاب میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، صوبائی حکومت نے چینی پر شوگر سیس نافذ کر دیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے 40 کلو چینی پر 5 روپے شوگر سیس عائد کیا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شوگر سیس پنجاب فنانس ایکٹ 1964 کے تحت نافذ کیا گیا ہے۔ اس ٹیکس میں ڈھائی روپے شوگر ملز جبکہ ڈھائی روپے کسان ادا کریں گے۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ شوگر سیس سے حاصل ہونے والی رقم شوگر ملز سے منسلک سڑکوں کی تعمیر اور بہتری پر خرچ کی جائے گی۔
دوسری جانب شہریوں نے شوگر سیس کے نفاذ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے، روزمرہ استعمال کی اشیاء پر مزید ٹیکس عوامی مشکلات میں اضافہ کرے گا۔ دکاندار بھی اس فیصلے سے نالاں نظر آئے اور خدشہ ظاہر کیا کہ شوگر سیس کا بوجھ بالآخر صارفین پر ہی منتقل ہو گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ
اسلام آباد: ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نئے نرخوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔
اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
حکام کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا، جس کے بعد ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس پر نئے نرخ نافذ ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔ گزشتہ چند روز کے دوران بھی مختلف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متعدد بار اضافہ کیا جا چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خور و نوش اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے، جس کے باعث مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نئی قیمتیں ایک نظر میں
پیٹرول: 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر (4.40 روپے اضافہ)
ہائی اسپیڈ ڈیزل: 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر (3.62 روپے اضافہ)
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ قیمتیں آئندہ حکم نامے تک نافذ العمل رہیں گی۔