بلوچستان میں شاہراہوں کی تعمیرو مرمت این ایچ اے کی ترجیح: عبدالعلیم خان
اشاعت کی تاریخ: 8th, January 2026 GMT
لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کراچی، کوئٹہ چمن کی813کلومیٹر طویل پاکستان ایکسپریس وے این 25کو 2 سال میں مکمل کرے گاجس کے لئے ابتدائی طور پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے اسلام آباد میں اْن سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں شاہراہوں کی تعمیر و مرمت اور اْن کی" اپ گریڈیشن" این ایچ اے کی اولین ترجیح ہے اور سکیورٹی امور کے باوجود نیشنل ہائی وے اتھارٹی صوبہ بلوچستان میں سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ این 25 پاکستان ایکسپریس وے عالمی معیار کی حامل ہوگی۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو این ایچ اے سے متعلقہ مختلف امور سے آگاہ کیا جس پر انہیں ان امور کے جلد حل کا یقین دلایا گیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: عبدالعلیم خان
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔