علی امین گنڈاپور اشتہاری قرار، عدالت سے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری
اشاعت کی تاریخ: 9th, January 2026 GMT
اسلام آباد(وقائع نگار )اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں سابق وزیر اعلی کے پی علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دے دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد اسے فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جائے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی جانب سے جاری کیا گیا۔عدالتی فیصلے کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف دفعہ 87 کے تحت اشتہار چسپاں کر دیا گیا ہے اور پولیس نے اشتہاری کارروائی کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرا دی ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ صورتحال کے پیش نظر معلوم ہوتا ہے کہ ملزم روپوش ہو چکا ہے، اس لیے عدالت ملزم کو اشتہاری قرار دیتی ہے۔عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ضمانتی مچلکے منسوخ کرتے ہوئے ملزم کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے اور اسے اشتہاریوں کی فہرست میں شامل کرنے کا حکم بھی دے دیا۔تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزم کے ضمانتی کے خلاف کارروائی شروع کی جائے، عدالتی ریکارڈ کے مطابق علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ تھانہ بارہ کہو میں درج ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: علی امین گنڈاپور اشتہاری قرار کہ ملزم
پڑھیں:
یو اے ای ویزا آن ارائیول کی نئی شرائط اور فیس جاری
دبئی: یو اے ای ویزا آن ارائیول سے متعلق متحدہ عرب امارات نے نئی شرائط، فیس اور درخواست کے طریقہ کار کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ نئی ہدایات کے تحت مخصوص ممالک کے اہل شہری امارات پہنچنے پر 14 یا 60 روزہ ویزا حاصل کر سکیں گے، تاہم اس کے لیے مقررہ شرائط پر پورا اترنا لازمی ہوگا۔
دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے مطابق بھارت، انڈونیشیا، ویتنام، تھائی لینڈ، فلپائن، کینیا اور جنوبی افریقہ کے شہری، اور ان کے ہمراہ سفر کرنے والے اہل خانہ، اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق درخواست گزار کے پاس کم از کم چھ ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ، سفید پس منظر والی حالیہ رنگین تصویر اور امریکا، برطانیہ، یورپی یونین، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا یا سنگاپور کی جانب سے جاری کردہ قابل قبول رہائشی پرمٹ یا ویزا ہونا ضروری ہے۔
اعلامیے کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کو صرف ایک مرتبہ مزید 14 دن کے لیے توسیع دی جا سکتی ہے، جبکہ 60 روزہ ویزا میں توسیع کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔
جی ڈی آر ایف اے نے بتایا کہ ویزا کے لیے درخواست اس کی سرکاری ویب سائٹ یا اسمارٹ ایپ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے۔ درخواست کی منظوری کے بعد ویزا رجسٹرڈ ای میل پر ارسال کیا جائے گا، جبکہ عام طور پر درخواستوں پر 48 گھنٹوں کے اندر کارروائی مکمل کر لی جاتی ہے۔
فیس کے حوالے سے جاری تفصیلات کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کی فیس 172.50 درہم جبکہ 60 روزہ ویزا کی فیس 422.50 درہم مقرر کی گئی ہے۔
جی ڈی آر ایف اے کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد بین الاقوامی مسافروں کے لیے سفری عمل کو مزید آسان بنانا، سیاحت کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو متحدہ عرب امارات کی جانب راغب کرنا ہے۔
ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اس پروگرام کے تحت 73 ہزار 551 ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو اس سہولت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اہم وضاحت: جاری کردہ شرائط میں پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز شامل نہیں ہیں۔ یہ سہولت صرف ان مخصوص ممالک کے شہریوں کے لیے ہے جن کا جی ڈی آر ایف اے نے اعلان کیا ہے۔