لاہور : سیکنڈ ہینڈ موبائل فونز کے خریدار ہو جا ئیں ہوشیار
اشاعت کی تاریخ: 9th, January 2026 GMT
عرفان ملک:لاہور میں سیکنڈ ہینڈ موبائل فونز خریدنے والوں کے لیے پولیس نے اہم انتباہ جاری کر دیا ہے۔
ٹریکنگ یونٹ نے گزشتہ 7برسوں میں ٹریس ہونے والے موبائل فونز کا تفصیلی ریکارڈ مرتب کر لیا ہے، جس کے مطابق 2018 سے 2025 تک 35 ہزار سے زائد افراد چوری شدہ موبائل فونز استعمال کرتے رہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس عرصے کے دوران 35 ہزار سے زائد چوری شدہ موبائل ڈیوائسز برآمد کر کے صارفین کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، جبکہ ریکور کیے گئے موبائل فونز کی مجموعی مالیت 8 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ حکام کے مطابق صرف گزشتہ سال ہی 6 ہزار سے زائد چوری یا چھینے گئے موبائل فونز ٹریک کیے گئے، جبکہ 2025 میں برآمد ہونے والے موبائل فونز کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے سے زیادہ رہی۔
لاہور میں 20 سال بعد بسنت، شہر کو تین زونز میں تقسیم کر کے سکیورٹی انتظامات سخت
پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آن لائن موبائل فون خریدنے سے گریز کریں اور غیر رجسٹرڈ یا مشکوک موبائل فون فروخت کرنے والے ڈیلرز سے ہوشیار رہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسے ڈیلرز کے خلاف کارروائی کے لیے خصوصی حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے۔ پولیس حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ موبائل فونز کی خرید و فروخت ہمیشہ مستند اور رجسٹرڈ ڈیلرز سے ہی کریں تاکہ کسی قانونی مشکل سے بچا جا سکے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: City 42
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔