سندھ بلڈنگ، پی ای سی ایچ ایس میں رہائشی پلاٹوں پر غیرقانونی کمرشل تعمیرات
اشاعت کی تاریخ: 10th, January 2026 GMT
بلڈنگ افسر اور ‘پیکیج مافیا’پر سنگین الزامات، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف شیخ ملوث
بلاک 6پلاٹ ،E61اور A1پر خلاف ضابطہ تعمیرات دن کے اجالے میں جاری
ضلع ایسٹ میں واقع پی ای سی ایچ ایس میں رہائشی پلاٹوں پر غیرقانونی کمرشل تعمیرات کا سلسلہ بڑے پیمانے پر جاری ہے ، جس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف شیخ اور نام نہاد ‘صحافتی پیکیج مافیا’کی ملی بھگت کے گمبھیر الزامات سامنے آئے ہیں۔حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق، سوسائٹی کے قوانین اور منصوبہ بندی کے اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے متعدد مقامات پر رہائشی یونٹس کو دکانیں، دفاتر اور دیگر تجارتی اڈوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے ، جس سے نہ صرف علاقے کی رہائشی نوعیت مسخ ہو رہی ہے بلکہ بنیادی سہولیات پر بے جا دباؤ بھی پڑ رہا ہے ۔رپورٹ میں الزام ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسر آصف شیخ اس غیرقانونی دھندے میں ملوث افراد کے ساتھ ملی بھگت رکھتے ہیں اور شکایات کو دباتے ہوئے قواعد کی پامالی پر پردہ ڈالنے کا کام کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ، ایک ‘صحافتی پیکیج مافیا’ بھی متحرک بتائی جاتی ہے ، جو مالی مفاد کے عوض اس تعمیراتی لاقانونیت کے خلاف میڈیا میں خبریں چلنے یا تحقیقات ہونے سے روکتا ہے ۔’جرأت’سروے ٹیم نے اس معاملے کی خود تحقیقات کی ہیں، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ سوسائٹی کے کئی حصوں میں رہائشی پلاٹوں کو بلا اجازت تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ ٹیم کے مطابق، انتظامیہ کو متعدد بار تحریری شکایات دی جا چکی ہیں، لیکن بلڈنگ افسران کی مبینہ سازش کے باعث کوئی کارروائی نظر نہیں آتی۔زمینی حقائق اور سروے کے دوران حاصل کی جانے والی زیر نظر تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بلاک 6 کے پلاٹ نمبر E61 اور A1 پر خلاف معمول تعمیرات دن کے اجالے میں جاری ہیں ،سوسائٹی کے رہائشیوں کا مطالبہ ہے کہ اس معاملے میں فوری شفاف تحقیقات کروائی جائیں اور تمام ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی اقدامات اٹھائے جائیں۔ نیز، شہر بھر کی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف جامع مہم چلانے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کے جائز رہائشی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
کراچی میں شوہر کے ساتھ موٹرسائیکل چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ملزمہ گرفتار
سولچر بازار پولیس نے موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث خاتون ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سولچر بازارپولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث خاتون ملزمہ سحر بتول زوجہ کاشف خان کو گرفتار کرلیا
۔پولیس کے مطابق ملزمہ کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔گرفتار ملزمہ اپنے شوہر کے ہمراہ موٹرسائیکل لفٹنگ کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔
دونوں میاں بیوی کو موٹر سائیکل لے جاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزمہ کے قبضے سے موٹر سائیکل نمبر KQX-2361 میکر سپر اسٹار 70 برآمد کرلی گئی۔
گرفتارملزمہ اورفرار شوہر کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج، مزید تفتیش جاری ہے۔