چین کا بڑا فیصلہ: امریکی اور اسرائیلی سائبر سیکیورٹی سافٹ ویئر پر پابندی لگادی
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2026 GMT
بیجنگ: چین نے قومی سلامتی کے خدشات کے باعث ملکی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ امریکا اور اسرائیل کی تقریباً ایک درجن سائبر سیکیورٹی کمپنیوں کے سافٹ ویئر کا استعمال بند کر دیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق چینی حکام کو خدشہ ہے کہ یہ سافٹ ویئر حساس اور خفیہ معلومات اکٹھی کر کے بیرونِ ملک منتقل کر سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے چین مغربی ٹیکنالوجی کے بجائے مقامی متبادل اپنانے کی پالیسی پر تیزی سے عمل کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق جن امریکی کمپنیوں کے سافٹ ویئر پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں براڈکام کی ملکیت وی ایم ویئر (VMware)، پالو آلٹو نیٹ ورکس اور فورٹینیٹ شامل ہیں، جبکہ اسرائیلی کمپنیوں میں چیک پوائنٹ سافٹ ویئر ٹیکنالوجیز کا نام سامنے آیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد امریکی کمپنیوں کے شیئرز میں بھی کمی دیکھی گئی، جہاں براڈکام اور پالو آلٹو نیٹ ورکس کے حصص میں ایک فیصد سے زائد کمی ہوئی، جبکہ فورٹینیٹ کے شیئرز تقریباً تین فیصد گر گئے۔
چینی تجزیہ کاروں کے مطابق بیجنگ کو خدشہ ہے کہ مغربی ٹیکنالوجی کو غیر ملکی طاقتیں ہیک کر سکتی ہیں، اسی لیے چین سائبر سیکیورٹی، کمپیوٹر سسٹمز اور سافٹ ویئر کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب بڑھ رہا ہے۔ چین کی بڑی مقامی سائبر سیکیورٹی کمپنیوں میں 360 سیکیورٹی ٹیکنالوجی اور نیوسافٹ شامل ہیں۔
دوسری جانب امریکا نے کچھ شرائط کے ساتھ اینویڈیا (Nvidia) کو چین میں جدید مصنوعی ذہانت (AI) چپس فروخت کرنے کی اجازت دی ہے۔ امریکی محکمہ تجارت کے مطابق اینویڈیا مخصوص حالات میں اپنا H200 چپ چین کو فروخت کر سکے گی، تاہم جدید ترین پروسیسرز پر پابندی برقرار رہے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی حکومت ٹیک کمپنیوں کو مقامی سطح پر تیار کردہ AI چپس استعمال کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، جس کے باعث اینویڈیا کی چپس کی طلب کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سائبر سیکیورٹی سافٹ ویئر کے مطابق
پڑھیں:
سیکیورٹی فورسز کی مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کرلیا. گرفتار شدگان میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے. سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد وں کو جہنم واصل کر دیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا. گرفتار دہشت گردوں میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کاروائی میں دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں. کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔آپریشن کے دوران علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار ہے. حالیہ دنوں میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں دہشتگردوں کی مذموم کاروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیز کر دیے گئے ہیں۔