پشاور: سیٹلائٹ اسپتال نحقی میں بد انتظامی و مالی بدعنوانی کا انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2026 GMT
سیٹلائٹ اسپتال نحقی میں بد انتظامی و مالی بدعنوانی کے حوالے سے خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے احکامات پر انکوائری رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے۔
انکوائری کمیٹی میں اراکین صوبائی اسمبلی اعجاز احمد اور ریحانہ اسماعیل شامل تھیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسپتال کے بینک اسٹیٹمنٹ کے مطابق آمدن اور خرچ کی گئی رقوم میں تضاد تھا۔
سابق ایم ایس نے جون 2024سے جنوری 2025 کے دوران اسپتال آمدن کو بینک اکاؤنٹ میں جمع نہیں کرایا، نہ ہی خرچ کی گئی رقم کا کوئی ریکارڈ موجود تھا۔
سابق ایم ایس کی جانب سے کمپنی کے نمائندہ سے 10 لاکھ روپے رشوت کے مطالبے پر انکار ہونے پر سولر کمپیوٹر کو ادائیگی روک دی گئی تھی۔ 32 کنال اراضی پر مشتمل اسپتال میں نصب جنریٹر بھی ناکارہ حالت میں پایا گیا۔
اسپتال کے احاطے میں موجود ڈیبایچ اور اسٹور کی ادویات اور لیبارٹری کے سازو سامان کھلے آسمان تلے رکھا گیا تھا۔ شام ورات کی شفٹ میں ڈاکٹروں اور لیبارٹری ٹیکنیشن کے نہ ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا جبکہ اسپتال کے گائنی وارڈ میں ماہانہ 900 مریض آتے ہیں، بلڈ بینک اور ایمبولینس نہ ہونے سے آپریشن کے ذریعے ڈیلیوری کی سہولت بھی موجود نہیں تھی۔
اسپتال میں موجود مین آپریشن تھیٹر میں گزشتہ 5 ماہ سے آپریشن نہیں کئے جارہے اورانتھیسزیا مشین خراب پائی گئی۔ اسپتال کی حدود میں موجود فارمیسی کو اسپتال انتظامیہ کی ملی بھگت سے لیز پر دیا گیا تھا اور اسپتال انتظامیہ کے پاس مکمل ریکارڈ م بھی وجود نہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اسپتال میں بلڈ بینک قائم کرنے، ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے اور فارمیسی کی لیز ختم کرنے سفارشات کی جاچکی ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
میرب علی سرجری کے بعد اسپتال منتقل، مداحوں سے صحت یابی کی دعاؤں کی اپیل
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ماڈل میرب علی نے حال ہی میں اپنی صحت سے متعلق ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں انگلی کے مسئلے کے باعث سرجری کروانا پڑی، جس کے بعد وہ اسپتال میں زیرِ علاج رہیں۔
میرب علی نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو اپنی طبی صورتحال سے آگاہ کیا۔ اداکارہ کے مطابق ان کی ایک انگلی میں حرکت محدود ہو گئی تھی اور وہ بار بار لاک ہو جاتی تھی، جس کے باعث روزمرہ امور انجام دینا مشکل ہو رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ماہر امراضِ جوڑ (رہیومیٹولوجسٹ) اور نیورولوجسٹ نے انہیں صحت مند قرار دیا تھا، تاہم بعد ازاں آرتھوپیڈک سرجن نے مکمل معائنے کے بعد سرجری تجویز کی۔
میرب علی کے مطابق انہیں توقع تھی کہ یہ ایک معمولی اور مختصر نوعیت کا آپریشن ہوگا، لیکن سرجری ان کی توقع سے کہیں زیادہ پیچیدہ اور وقت طلب ثابت ہوئی۔ یہ آپریشن کراچی کے آغا خان یونیورسٹی اسپتال میں انجام دیا گیا، جہاں انہوں نے علاج کے دوران اپنی ایک ویڈیو بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
View this post on Instagramاداکارہ نے بتایا کہ سرجری کے بعد اب وہ بتدریج صحت یاب ہو رہی ہیں، جبکہ ان کے دوستوں، ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے نیک خواہشات اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
شوبز شخصیات میں مایا خان، درفشاں سلیم، ثناء فہد اور رابعہ کلثوم سمیت متعدد فنکاروں نے میرب علی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ سوشل میڈیا صارفین نے بھی اداکارہ کو آرام کرنے اور موبائل فون کے زیادہ استعمال سے گریز کرنے کا مشورہ دیا تاکہ انگلی پر مزید دباؤ نہ پڑے۔
بعض مداحوں کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی طبی شکایت بعض اوقات کھیلوں یا ہاتھوں کے مسلسل استعمال کے باعث بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ اداکارہ کی جانب سے صحت سے متعلق یہ انکشاف سامنے آنے کے بعد مداح ان کی جلد مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔