تھائی لینڈ : 24 گھنٹے کے دوران دوسرا حادثہ‘ ایک اور کرین گرگئی
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2026 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
بنکاک (انٹرنیشنل ڈیسک) تھائی لینڈ میں ایک اور ہولناک تعمیراتی حادثہ پیش آیا ،جہاں دارالحکومت کے قریب راما 2 روڈ کے ایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبے پر تعمیراتی کرین گرنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ حادثہ جمعرات کی صبح تقریباً 9 بجے ساموت ساکھون صوبے میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق کرین گرنے سے 2گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں جبکہ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ اگرچہ سرکاری طور پر ہلاکتوں کی مکمل تصدیق نہیں کی گئی، تاہم فائر اینڈ ریسکیو تھائی لینڈ کے مطابق کم از کم ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب صرف ایک دن قبل شمال مشرقی صوبے ناکھون راتچاسیما میں ایک کرین گرنے سے مسافر ٹرین تباہ ہوئی تھی، جس میں 32 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حادثے میں سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور حکام کے مطابق ٹرین میں موجود 171 مسافروں میں سے 3افراد کے بارے میں تحقیقات جاری ہے۔حکام نے بتایا کہ گرنے والی کرین ایک لانچنگ گینٹری کرین تھی، جو عام طور پر بلند سڑکوں کی تعمیر میں استعمال ہوتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں حادثات کی تحقیقات جاری ہے اور تاحال کسی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ راما 2 روڈ ایکسپریس وے منصوبہ ماضی میں بھی متعدد مہلک تعمیراتی حادثات کے باعث تنقید کی زد میں رہا ہے، جس کے بعد عوامی حلقوں میں تعمیراتی منصوبوں کی حفاظت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
یو اے ای ویزا آن ارائیول کی نئی شرائط اور فیس جاری
دبئی: یو اے ای ویزا آن ارائیول سے متعلق متحدہ عرب امارات نے نئی شرائط، فیس اور درخواست کے طریقہ کار کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ نئی ہدایات کے تحت مخصوص ممالک کے اہل شہری امارات پہنچنے پر 14 یا 60 روزہ ویزا حاصل کر سکیں گے، تاہم اس کے لیے مقررہ شرائط پر پورا اترنا لازمی ہوگا۔
دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے مطابق بھارت، انڈونیشیا، ویتنام، تھائی لینڈ، فلپائن، کینیا اور جنوبی افریقہ کے شہری، اور ان کے ہمراہ سفر کرنے والے اہل خانہ، اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق درخواست گزار کے پاس کم از کم چھ ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ، سفید پس منظر والی حالیہ رنگین تصویر اور امریکا، برطانیہ، یورپی یونین، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا یا سنگاپور کی جانب سے جاری کردہ قابل قبول رہائشی پرمٹ یا ویزا ہونا ضروری ہے۔
اعلامیے کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کو صرف ایک مرتبہ مزید 14 دن کے لیے توسیع دی جا سکتی ہے، جبکہ 60 روزہ ویزا میں توسیع کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔
جی ڈی آر ایف اے نے بتایا کہ ویزا کے لیے درخواست اس کی سرکاری ویب سائٹ یا اسمارٹ ایپ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے۔ درخواست کی منظوری کے بعد ویزا رجسٹرڈ ای میل پر ارسال کیا جائے گا، جبکہ عام طور پر درخواستوں پر 48 گھنٹوں کے اندر کارروائی مکمل کر لی جاتی ہے۔
فیس کے حوالے سے جاری تفصیلات کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کی فیس 172.50 درہم جبکہ 60 روزہ ویزا کی فیس 422.50 درہم مقرر کی گئی ہے۔
جی ڈی آر ایف اے کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد بین الاقوامی مسافروں کے لیے سفری عمل کو مزید آسان بنانا، سیاحت کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو متحدہ عرب امارات کی جانب راغب کرنا ہے۔
ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اس پروگرام کے تحت 73 ہزار 551 ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو اس سہولت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اہم وضاحت: جاری کردہ شرائط میں پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز شامل نہیں ہیں۔ یہ سہولت صرف ان مخصوص ممالک کے شہریوں کے لیے ہے جن کا جی ڈی آر ایف اے نے اعلان کیا ہے۔