راولپنڈی: ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار لڑکی جاں بحق، والد شدید زخمی
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2026 GMT
راولپنڈی:
راولپنڈی ڈھوک سیداں روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار لڑکی جاں بحق اور اسکے والد شدید زخمی ہوگئے۔
جاں بحق لڑکی کی شناخت کائنات اور والد کی عطر خان کے ناموں سے ہوئی، واقعے کے بعد ڈرائیور ڈمپر چھوڑ کر فرار ہو گیا جسے پولیس نے قبضہ میں لے لیا۔
تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر لگنے سے دوسری موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص بھی شدید زخمی ہوا، زخمیوں اور لاش کو ڈی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب راولپنڈی تھانہ ریس کورس کے علاقے قائد آباد میں 10 سالہ بچہ سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق کھیلنے کے دوران الماری سے نکالی گئی پستول سے اچانک گولی چل گئی جو بچے کے سر میں لگی، بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی بچہ ہمسائے کے گھر نماز پڑھنے گیا تھا، پڑوسی کے ساتھ کھیلتے ہوئے گولی لگی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
چیک ریپبلک میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ؛ ایک فوجی ہلاک اور 4 زخمی
چیک ریپبلک کے مشرقی حصے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چیک وزارتِ دفاع اور فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثہ بدھ کے روز نامیشت ناد اوسلاوو ایئر فورس بیس پر پیش آیا جو دارالحکومت پراگ سے تقریباً 180 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر UH-1Y Venom تھا، جس میں مجموعی طور پر 5 فوجی اہلکار سوار تھے۔ حادثے میں ایک اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ تین زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر معمول کی فوجی تربیتی سرگرمی کے سلسلے میں پرواز کر رہا تھا، تاہم حکام نے ابھی تک اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے فوج نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہیں۔
چیک حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں، آیا حادثہ تکنیکی خرابی، موسمی حالات یا انسانی غلطی کے باعث پیش آیا۔ تحقیقات کے نتائج سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔