کنگ سلمان ریلیف سینٹر کا خیبر پختونخوا میں ونٹر کِٹس کی تقسیم کا آغاز
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2026 GMT
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے شدید سرد موسم سے متاثرہ کمزور طبقات کی مدد کے لیے اپنے ملک گیر ونٹرائزیشن پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا میں ونٹر کِٹس کی تقسیم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کنگ سلمان ریلیف کا پاکستان میں پولٹری پر مبنی معاشی خودمختاری منصوبے کا دوسرا مرحلہ مکمل
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سرد اور برفیلے علاقوں میں موسمِ سرما سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ونٹر کِٹس کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کے تحت صوبے کے چھ اضلاع لوئر چترال، اپر چترال، اپر دیر، اپر کوہستان، مانسہرہ اور کرم میں مجموعی طور پر چار ہزار ونٹر کِٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لوئر اور اپر چترال کے لیے مشترکہ طور پر آٹھ سو ونٹر کِٹس مختص کی گئی ہیں، جبکہ اپر دیر، اپر کوہستان، مانسہرہ اور کرم کے اضلاع کے لیے بھی مجموعی طور پر آٹھ سو ونٹر کِٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کِٹس میں مردوں اور خواتین کے لیے گرم شالیں، بچوں اور بڑوں کے لیے گرم ملبوسات اور دو پالئیسٹر رضائیاں شامل ہیں تاکہ شدید سردی میں خاندانوں کو مؤثر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
خیبر پختونخوا میں یہ تقسیم کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے ملک گیر ونٹر سپورٹ پروگرام کا حصہ ہے، جس کے تحت پاکستان کے اٹھائیس انتہائی سرد اور متاثرہ اضلاع میں مجموعی طور پر بائیس ہزار ونٹر کِٹس تقسیم کی جا رہی ہیں۔ اس منصوبے میں خیبر پختونخوا کے علاوہ بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، پنجاب اور سندھ کے وہ علاقے شامل ہیں جہاں موسمِ سرما کے دوران درجہ حرارت غیر معمولی حد تک کم ہو جاتا ہے۔
منصوبے کی شفافیت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اس سرگرمی کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبر پختونخوا، مقامی انتظامیہ اور حیات فاؤنڈیشن کے اشتراک سے نافذ کیا جا رہا ہے۔
اس مربوط انسانی ہمدردی کی کوشش کے ذریعے ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کے مستفید ہونے کی توقع ہے، جو پاکستان میں کمزور طبقات کی مدد اور موسمِ سرما کی سختیوں کو کم کرنے کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مستقل عزم کا واضح اظہار ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
پڑھیں:
سرکاری ملازمین پنشن میں اضافہ، خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا ریلیف اعلان
پشاور: سرکاری ملازمین پنشن میں اضافہ کے حوالے سے خیبرپختونخوا حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبے کے پنشنرز کی نیٹ پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا، جبکہ اس حوالے سے محکمہ خزانہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ اضافہ 30 جون 2026 تک وصول کی جانے والی نیٹ پنشن کی بنیاد پر دیا جائے گا۔ حکومت کے اس اقدام سے لاکھوں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو مہنگائی کے موجودہ دور میں مالی سہارا ملنے کی امید ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یکم جولائی 2026 یا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین بھی اس 7 فیصد اضافے سے مستفید ہوں گے۔ اسی طرح فیملی پنشن حاصل کرنے والے افراد اور کمپیشنٹ الاؤنس لینے والے مستحقین پر بھی یہ اضافہ یکساں طور پر لاگو ہوگا۔
محکمہ خزانہ کے مطابق بیرون ملک مقیم وہ پنشنرز بھی، جو خیبرپختونخوا حکومت کی پنشن کے اہل ہیں، مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت اس اضافے سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ یہ اضافہ پہلے سے دی جانے والی کسی بھی خصوصی اضافی پنشن پر لاگو نہیں ہوگا، بلکہ صرف بنیادی نیٹ پنشن کی بنیاد پر ادا کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق سرکاری ملازمین پنشن میں اضافہ کا یہ فیصلہ بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر ریٹائرڈ ملازمین کے لیے اہم ریلیف ثابت ہوگا اور ان کے ماہانہ اخراجات پورے کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔