خواتین، بچوں سے زیادتی کے کیسز کی تفتیش اور گرفتاری سی سی ڈی کا خصوصی یونٹ کرےگا
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2026 GMT
لاہور (نامہ نگار) صوبہ بھر میں خواتین اور بچوں کے ساتھ جنسی جرائم کی تفتیش اور ملزموں کی گرفتاری کے لئے سی سی ڈی کو ذمہ داریاں سونپی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے انویسٹی گیشن یونٹس کےلئے سروے مکمل کر لیا جبکہ صوبے بھر میں زیادتی کے کیسز کا تفصیلی ریکارڈ بھی مرتب کر لیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت جنسی زیادتی کے کیسز کی تفتیش اور ملزموں کی گرفتاری سی سی ڈی کا خصوصی یونٹ کرے گا، جو جدید طریقہ تفتیش اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کرے گا۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال پنجاب بھر میں زیادتی کے 13 ہزار 820 مقدمات درج کئے گئے۔ ان میں سب سے زیادہ کیسز لاہور میں رپورٹ ہوئے، جہاں 1576 خواتین اور بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ فیصل آباد 945 واقعات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا جبکہ گوجرانوالہ میں 789 اور خانیوال میں 724 خواتین اور بچوں سے جنسی استحصال کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ نئے نظام کے نفاذ سے نہ صرف تفتیش کے عمل میں تیزی آئے گی بلکہ ملزموں کی بروقت گرفتاری کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ جس سے متاثرہ افراد کو جلد انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ٹیسلا نے بچوں کے لیے نئی بیلنس بائیک متعارف کرا دی، قیمت کتنی ہے؟
اسلام آباد: معروف امریکی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے 2 سے 5 سال عمر کے بچوں کے لیے نئی بیلنس بائیک متعارف کرا دی ہے، جسے جدید ڈیزائن اور ہلکے وزن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ٹیسلا بچوں کی بیلنس بائیک مضبوط مگر ہلکے میگنیشیم فریم پر مشتمل ہے، جبکہ اس میں بچوں کی سہولت کے لیے ایڈجسٹ ہونے والی نشست بھی دی گئی ہے۔ بائیک کے سائیڈ پر ٹیسلا کا نام اور سامنے نمایاں T لوگو بھی موجود ہے۔
یہ بائیک روایتی سائیکل سے مختلف ہے کیونکہ اس میں نہ پیڈل موجود ہیں، نہ موٹر اور نہ ہی بریک۔ بچے اپنے پیروں کی مدد سے اسے چلاتے ہیں، جس سے ان میں توازن برقرار رکھنے اور سائیکل چلانے کی بنیادی مہارت پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے۔
کمپنی نے اس منفرد بائیک کی قیمت 225 امریکی ڈالر مقرر کی ہے، جو عام بیلنس بائیکس کے مقابلے میں زیادہ ہے، کیونکہ مارکیٹ میں ایسی بیشتر بائیکس تقریباً 100 ڈالر میں دستیاب ہوتی ہیں۔
قیمت نسبتاً زیادہ ہونے کے باوجود یہ بائیک فروخت کے آغاز کے فوراً بعد آؤٹ آف اسٹاک ہو گئی، جس سے صارفین کی غیر معمولی دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔
ٹیسلا کے مطابق نئی کھیپ کے لیے 31 جولائی سے پری آرڈر دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ بائیک 2 سے 5 سال عمر کے بچوں کے لیے موزوں ہے۔ اس کے استعمال کے لیے بچے کی ٹانگ کی کم از کم لمبائی 13.7 انچ (35 سینٹی میٹر) ہونی چاہیے، جبکہ تجویز کردہ زیادہ سے زیادہ وزن 30 کلوگرام اور قابل برداشت زیادہ سے زیادہ وزن 35 کلوگرام رکھا گیا ہے۔
ٹیسلا نے یہ بھی بتایا کہ بائیک کی اسمبلنگ کے لیے درکار تمام ضروری اوزار پیکج میں شامل ہوں گے، جبکہ صارفین کو مکمل ہدایات پر مشتمل استعمال کا کتابچہ بھی فراہم کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق بچوں کی مصنوعات کی مارکیٹ میں ٹیسلا کی یہ نئی پیشکش کمپنی کی برانڈ توسیع کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے ذریعے وہ گاڑیوں کے علاوہ دیگر صارفین کی مصنوعات میں بھی اپنی موجودگی مضبوط بنا رہی ہے۔