کراچی: گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتا، اہل خانہ پریشان
اشاعت کی تاریخ: 18th, January 2026 GMT
ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں گزشتہ رات آگ لگنے کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں۔ڈی سی ساؤتھ کے مطابق گل پلازہ آتشزدگی میں اب تک 16 لاپتا افراد کے اہلخانہ نے رابطہ کیا ہے۔لاپتا افراد کے اہلخانہ مختلف اسپتالوں میں اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف ہیں، لاپتا افراد کے اہلخانہ کا کہنا ہے رات تک رابطہ تھا لیکن اب فون بند ہیں۔سول اسپتال کے برنس سینٹر کے باہر بھی متاثرہ افراد کے اہلخانہ کی بڑی تعداد موجود، اہلخانہ کے مطابق خدشہ ہے کہ کئی افراد اب بھی عمارت کے اندر موجود ہوں۔خیال رہے کہ کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی آگ پر قابو نہ پایا جاسکا، آگ کی شدت سے گل پلازہ کے کچھ حصے گر گئے۔ہفتے کی رات سوا 10 بجے کے قریب گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پہنچ گئی۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہےکہ آگ لگنے کے باعث ایک فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 20افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ، ان کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔جاں بحق افراد میں سے 4 کی شناخت فراز،کاشف ،عامر اور شہروز کے نام سے ہوئی ہے جبکہ حکام کے مطابق فرقان نامی فائر فائٹر کی لاش بھی ٹرمام سینٹر لائی گئی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
خیبر پختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈز کے حادثات میں 22 افراد جاں بحق
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطاق 19 جولائی سے اب تک خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور فلش فلڈز سے مجموعی طور پر 9 مرد، 10 بچے اور تین خواتین جاں بحق ہوئیں۔ اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈز کے حادثات میں 5 روز کے دوران 22 شہری جاں بحق جبکہ 23 زخمی ہوگئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطاق 19 جولائی سے اب تک خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور فلش فلڈز سے مجموعی طور پر 9 مرد، 10 بچے اور تین خواتین جاں بحق ہوئیں۔ اعلامیے کے مطابق زخمیں میں 11 مرد، 5 خواتین 7 بچے شامل ہیں جبکہ تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 37 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 29 گھروں کو جزوی جبکہ 8 گھر مکمل منہدم ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان , بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال لوئر، دیر لوئر اور اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ،ہری پور، ٹانک، تور غر اور کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں پیش آئے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداراے آپس میں رابطے میں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرین میں جلد امدادی سامان تقسیم کردے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی اور بتایا کہ صوبہ کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح اور بہاو معمول کے مطابق ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز بارشوں کا یہ سلسلہ آج تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں جبکہ حکومتی اداروں کی جانب سے الرٹس/ اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ، موسمی صورتحال سے آگائی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔