امریکا، برفانی طوفان کے باعث 100 سے زائد گاڑیاں کے درمیان تصادم
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2026 GMT
MICHIGAN, US:
امریکا کی ریاست مشی گن میں شدید برفانی طوفان نے تباہی مچا دی، جہاں ایک ہی شاہراہ پر 100 سے زائد گاڑیاں، جن میں کم از کم 30 بھاری ٹرک شامل تھے، خوفناک چین ری ایکشن حادثے کا شکار ہو گئیں۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ موٹروے مکمل طور پر بند کر دی گئی اور ہر طرف الٹی ہوئی گاڑیاں اور جیک نائف ٹرک بکھرے نظر آئے۔
فاکس ویدر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کی گئی ڈرون فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہائی وے انٹر اسٹیٹ 196 مکمل طور پر برف سے ڈھکی ہوئی ہے، جبکہ کئی گاڑیاں سڑک سے پھسل کر کناروں میں جا گریں۔
BREAKING: Drone footage reveals a massive pileup involving more than 100 vehicles in Michigan, with injuries reported as hazardous winter conditions grip the area.
pic.twitter.com/Sg3vCaG3WK — Breaking911 (@Breaking911) January 19, 2026
حکام کے مطابق حادثے کے وقت 40 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں اور علاقے میں ایک فٹ سے زائد برف جمع ہو چکی تھی۔
مشی گن اسٹیٹ پولیس کے مطابق حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
پولیس نے موٹروے کو دونوں اطراف سے بند کر دیا جبکہ گاڑیوں کو ہٹانے اور سڑک صاف کرنے میں کئی گھنٹے لگنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مسلسل برفباری کے باعث وہاں پھنسے مسافروں کو بسوں کے ذریعے قریبی ہائی اسکول منتقل کیا گیا، جہاں عارضی پناہ کا انتظام کیا گیا۔
ادھر امریکا کے وسیع علاقوں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک گر چکا ہے۔ غیر معمولی طور پر فلوریڈا پین ہینڈل تک برفباری ریکارڈ کی گئی، جہاں کئی شہری رات بھر جاگ کر برف کے نایاب نظارے دیکھتے رہے۔
نیشنل ویدر سروس نے شمالی مینیسوٹا سے لے کر وسکونسن، انڈیانا، اوہائیو، پنسلوانیا اور نیویارک تک شدید سردی اور برفانی طوفانوں کی وارننگ جاری کر دی ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں موسم مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مبینہ مقابلے‘ 45 سے زائد مقدمات کا ملزم گوجرانوالہ‘ 2 ڈ اکو پیر محل میں ہلاک
گوجرانوالہ؍ وزیر آباد؍ پیر محل (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) مبینہ پولیس مقابلوں میں تین ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں پل راجباہ بھروکی چیمہ کے قریب 45 سے زائد مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈاکو عدنان عرف دانو بوڑا اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ پیرمحل میں کمالیہ روڈ پر گاؤں 664/5 گ ب کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے۔ ملزم شعیب اور عامر قصبہ چھوٹو رام والی کے رہائشی اور ایک محنت کش کے قتل میں مطلوب تھے۔