تعلیم کو ترجیح، نوجوانوں کو اصلاحات میں شراکت دار بنایا جائے: صدر آصف زرداری
اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2026 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) عالمی یومِ تعلیم کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نوجوان تعلیم کی مشترکہ تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور پاکستان کا مستقبل اس کے نوجوانوں سے وابستہ ہے۔
صدر مملکت نےکہا کہ تعلیم محض معلومات کا حصول نہیں بلکہ تجسّس، صلاحیت اور کردار کی تعمیر کا ذریعہ ہونی چاہئے، انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 25 اے مفت اور لازمی تعلیم کے قومی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھاکہ جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق تعلیم میں ڈیجیٹل خواندگی اور عملی مہارتوں کا فروغ ناگزیر ہو چکا ہے،تحقیق، جدت اور ڈیجیٹل تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
صدرمملکت نےکہا کہ فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم نوجوانوں کو باعزت روزگار کےمواقع فراہم کر رہی ہے، جبکہ خواتین اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کے لیے مساوی تعلیمی مواقع کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ تعلیم کو قومی ترجیح بنایا جائے اور نوجوانوں کو تعلیمی اصلاحات کا شراکت دار بنایا جائے، کیونکہ تعلیم ہی امن، ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
صدر مملکت سے بلوچستان کے صوبائی وزراء کی ملاقات، مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال
کراچی:صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بلوچستان کے صوبائی وزراء کی بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات ہوئی جس میں بلوچستان میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر ِمملکت نے بلوچستان میں ترقی کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صوبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے، عوامی فلاح اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔
ملاقات میں صوبائی وزیرِ آبپاشی صادق عُمرانی، وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی ظہور بلیدی، وزیرِ صحت میر بخت کاکڑ، وزیرِ لائیو اسٹاک سردار فیصل جمالی، وزیرِ صنعت و تجارت کویار ڈومکی، وزیرِ محنت غلام رسول عُمرانی اور پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر علی حسن زہری شریک تھے۔