لاہور،اسلام آباد ‘ پشاور، کوئٹہ، کراچی، مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی + آ ئی این پی ) ملک کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ بالائی علاقوں میں کئی کئی فٹ برف پڑنے سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ پاک فوج اور ضلعی انتظامی اداروں کی بروقت کارروائیوں سے درجنوں افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔ ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ تھمنے لگا تاہم مزید برف باری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ برف باری کا سلسلہ تھمنے پر راستوں سے برف ہٹانے کا کام تیز کر دیا گیا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا مگر وادی لیپہ، بالائی نیلم، سدھن گلی، پیر چناسی، محمود گلی، لسڈنہ سمیت بیشتر بالائی علاقوں کی شاہراہیں برفباری سے بند ہیں۔ بالائی علاقوں میں نظام زندگی متاثر ہے۔ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔ مظفر آباد میں درجہ حرارت منفی سات تک گر گیا۔ شدید برفباری کے باعث ضلع حویلی کی حدود میں ایمبولینس سمیت 25 کے قریب گاڑیاں پھنس گئیں۔ پاک فوج نے 32 مسافروں کو ریسکیو کرلیا۔ ایمبولینس میں موجود 2 میتیں بھی نکال لی گئیں۔ گاڑیوں میں 100کے قریب افراد سوار تھے۔ مظفرآباد میں کئی سالوں کے بعد برف باری ہوئی۔ وادی نیلم میں شدید برف باری سے 3 مکانات گر گئے۔ برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے اہم شاہراہیں بند ہوگئیں۔ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔ خیبر پی کے میں وادی کاغان میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کے بعد انتظامیہ نے سیاحوں کا داخلہ بند کردیا۔ دیربالا، کمراٹ، لواری ٹنل، باجوڑ میں بھی برف باری سے راستے بند ہیں۔ مالاکنڈ میں کئی سالوں کے بعد برف باری ہوئی۔ کچھ مقامات پر درخت سڑکوں پر گر گئے۔ خیبر میں برفباری کے باعث پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے۔ شانگلہ ٹاپ میں 22 گھنٹوں سے برف میں پھنسے چار سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔ ادھر چلاس اور اپرکوہستان میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم مختلف مقامات پر بند کردی گئی جس کے باعث سینکڑوں مسافر اور مال بردار گاڑیاں پھنس گئیں۔ شدید برف باری سے استور کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ راما میڈوز دیوسائی، نانگا پربت اور برزل ٹاپ میں 5 سے 6 فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ مشرف چوک میں برفانی تودہ گرنے سے روڈ بلاک ہوگئی۔ ہنزہ اور نگر میں برفباری سے رابطہ سڑک بند ہے۔ گلیات میں نتھیاگلی میں تین فٹ سے زائد جبکہ ٹھنڈیانی میں چارفٹ تک برف پڑچکی ہے، برفباری کے بعد نتھیاگلی میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ایبٹ آباد میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ایبٹ آباد سے مری جانے والی مرکزی سڑک تاحال نہ کھل سکی جبکہ گلیات کے مختلف دیہات کی رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں۔ گلیات میں گزشتہ دو روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ بجلی بند ہونے سے گھروں میں حرارت کا انتظام متاثر ہوگیا ہے جبکہ مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہے۔ انتظامیہ کے مطابق سڑکوں کی بحالی اور بجلی کی فراہمی کے لیے کام جاری ہے۔ ملکہ کوہسار میں چوبیس گھنٹے جاری رہنے والا برفباری کا سلسلہ تھم گیا۔ مری کی تمام رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔ سیاحوں کا داخلہ بند ہے۔ مری میں تمام ہوٹل بھر چکے ہیں۔ سیاحوں کی گنجائش نہیں۔ جھیکا گلی سے ملحقہ ایم آئی ٹی روڈ کو کلیئرکرکے کھول دیا گیا ہے۔ ادھر شمالی بالائی بلوچستان میں برفباری رکنے کے باوجود سائبرین ہوائوں کے باعث خون جما دینے والی سردی برقرار ہے۔ درجہ حرارت منفی 12 درجے پر پہنچ گیا۔ کوئٹہ، قلات، چمن اور زیارت میں گھروں کی پائپ لائنوں میں پانی جم گیا۔ شہریوں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ این 50  ژوب ہائی وے کئی مقامات پر بند جبکہ زیارت جانے والے سیاحوں پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ خیبر پی کے دیامر کے علاقے تانگیر میں برفباری کے باعث گھر گر گیا۔ پولیس کے مطابق حادثے میں چار افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ پولیس اور جی بی سکاؤٹ نے ریسکیو آپریشن کر کے نعشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا۔ افغانستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں ملک بھرمیں 61 افراد ہلاک اور 110 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ کم از کم 458 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ شدید برفباری اور برفانی تودے گرنے کے خدشات کے باعث اہم شاہراہیں اور بین الصوبائی سڑکیں بند ہو چکی ہیں۔ لائیو سٹاک کا بھی نقصان ہوا ہے۔ امریکہ میں مشی گن جھیل، جو شمالی امریکہ کی پانچ بڑی جھیلوں میں سے ایک ہے، حالیہ شدید سردی اور آرکٹک ہواؤں کی لہر کے باعث منجمد ہو گئی ہے۔ یہ امریکہ کی تاریخ میں چوتھی بار ہوا ہے۔ شدید سردی اور قطبی ہواؤں کے اثر سے جھیل برف سے ڈھک گئی ہے۔ موسمیاتی حالات کے تحت جھیل میں برفانی حصہ کافی بڑھ جاتا ہے۔ حالانکہ مکمل طور پر پوری جھیل کا منجمد ہونا عالمی موسمیاتی ریکارڈز کے لحاظ سے بہت زیادہ نایاب ہے۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پی پی پی چیئرمین بلاول اور چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی  نے بالائی علاقوں میں  برفباری کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس  کیا ہے۔

.

ذریعہ

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث باری کا سلسلہ کو ریسکیو کر باری اور کے بعد گئی ہے بند ہو

پڑھیں:

مون سون کا طاقتورسپیل ، جھل تھل ایک ہوگیا،2 وکلاء کے چیمبر گرگئے

لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونےوالی مون سون کی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔لاہور میں مون سون کا سپیل زور شور سے جاری ہے اورعلی الصبح سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔واسا لاہور کی جانب سے اب تک ہونے والی بارش کا ریکارڈ جاری کردیاگیاہے جس کے مطابق جیل روڈمیں 28.5، ایئرپورٹ میں 263، ہیڈ آفس گلبرگ میں 52، لکشمی چوک میں 25، اپر مال کے علاقے میں 114.4، مغلپورہ میں 129، تاجپورہ میں 155، نشتر ٹاؤن میں 56.4، چوک ناخدا میں 62، پانی والا تالاب میں 27.2، فرخ آباد میں 23.4، گلشن راوی میں 18، اقبال ٹاؤن میں 54.2، سمن آبادمیں 32، جوہر ٹاؤن میں 81، ڈیفنس روڈ میں 45، شادی پورہ میں 132.4 ، سگیاں میں 22.2اور مناواں میں 106 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ائیر پورٹ پر ریکارڈ کی گئی ہے ۔لاہور میں ہونےوالی موسلادھار بارش سےسیشن کورٹ میں سینئر قانون دان پیر مسعود چشتی سمیت2 وکلاء کے چیمبر گرگئے،پیر مسعود چشتی کا چیمبر کافی عرصے سے خالی پڑاتھا،چیمبر کی چھت بارش کے پانی کا بوجھ برداشت نہ کر سکی اورگرگئی،شدید بارش کی وجہ سے ماتحت عدالتوں میں سائلین نہ پہنچ سکے۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب نے پولیس کو حادثات اور ناگہانی صورتحال میں امدادی سرگرمیوں میں شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس افسران اور اہلکار بارش سے متاثرہ علاقوں میں انتہائی مستعد ہو کر ڈیوٹی انجام دیں،سپروائزری پولیس افسران بارش زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں خود مانیٹر کریں، بارش کے مزید امکانات کے پیش نظر پولیس افسران اور اہلکار الرٹ رہیں،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانڈ کریں۔ملک کے دوسرے حصوں کی طرح ضلع خیبر کے باڑہ اور جمرود کے علاؤہ وادی تیراہ کے پہاڑوں پر بھی ہونے والی بارش سے موسم خوشگوارہوگیا لیکن ندی نالوں میں طغیانی اور دریائے باڑہ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے ،جولائی کے مہینے میں دسمبر جیسے سردی محسوس کی جارہی ہے،پہاڑی علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے،ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو کی جانب سے حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ ندی نالوں کے قریب جانے پر پابندی کی خلاف ورزی پر دوافرادکو گرفتار بھی کرلیاگیاہے۔

متعلقہ مضامین

  • انفرااسٹرکچر پر امریکی حملوں کا جواب شدید اور وسیع ہوگا، ایران
  • گلگت بلتستان میں موسلادھار بارشوں سے سیلابی تباہی، شاہراہیں اور پل بہہ گئے، ہزاروں افراد محصور : انتباہ جاری
  • آزاد کشمیر میں 47 روز بعد میرپور میں انٹرنیٹ سروس جزوی بحال، دیگر علاقوں میں بحالی کا انتظار
  • آزادکشمیرکے ضلع میرپور میں انٹرنیٹ سروسز مرحلہ وار بحال ہونا شروع
  • مستونگ: سیشن جج اور گن مین قاتلانہ حملے میں شہید، ایڈیشنل سیشن جج شدید زخمی
  • مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ فائرنگ میں شہید، گن مین بھی جاں بحق
  • جاپان نے شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے ‘انسانی ریفریجریٹر’ تیار کرلیا
  • مستونگ میں فائرنگ،سیشن جج گن مین سمیت شہید،2 افراد زخمی
  • مون سون کا طاقتورسپیل ، جھل تھل ایک ہوگیا،2 وکلاء کے چیمبر گرگئے
  • موسلادھار بارش سے اربن فلڈنگ، سڑکیں دریا بن گئیں، گھروں میں پانی داخل