امریکا: نجی طیارہ دوران پرواز 8 مسافروں سمیت حادثے کا شکار
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2026 GMT
امریکی ریاست مین کے شہر بینگر میں ایک نجی طیارہ اتوار کی شام ٹیک آف کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق طیارے میں 8 افراد سوار تھے۔
حادثے میں سوار افراد کے زخمی ہونے کی نوعیت سے متعلق تاحال تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ واقعے سے باخبر ایک ذریعے نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ زخمیوں کی حالت کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
یہ بھی پڑھیے: امریکا: یو پی ایس کارگو طیارہ گر کر تباہ، کم از کم 3 ہلاک، 11 زخمی
حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بمبارڈیئر چیلنجر 650 بزنس جیٹ تھا۔ بینگر ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق رات 7 بج کر 45 منٹ (مقامی وقت) کے قریب ہنگامی صورتحال پیش آئی، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ حادثے کے بعد ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا۔
یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا جب امریکا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید برفانی طوفان کی صورتحال ہے۔ ریاست مین میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی نیچے ہے جبکہ ہلکی برفباری کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو چکی ہے۔
وفاقی ریکارڈ کے مطابق طیارہ ہیوسٹن میں رجسٹرڈ ایک لمیٹڈ لائیبلیٹی کارپوریشن کے نام پر رجسٹرڈ تھا۔ حادثے سے چند منٹ قبل ایئر ٹریفک کنٹرولرز اور پائلٹس کے درمیان کم حدِ نگاہ اور طیارے پر برف صاف کرنے (ڈی آئسنگ) سے متعلق گفتگو سنی گئی، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گفتگو کن کے درمیان ہو رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیے: ترکیہ میں طیارہ حادثہ، لیبیا کے آرمی چیف محمد الحداد ساتھیوں سمیت جاں بحق
ایئر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو بینگر ایئرپورٹ کے رن وے 33 سے ٹیک آف کی اجازت دی۔ تقریباً دو منٹ بعد ایک کنٹرولر نے ریڈیو پر بلند آواز میں اعلان کیا، ‘تمام فضائی آمدورفت روک دی گئی ہے، تمام فضائی آمدورفت روک دی گئی ہے۔’
کچھ ہی لمحوں بعد ایک اور کنٹرولر کی آواز سنی گئی، ‘طیارہ الٹا ہو چکا ہے، ہمارے پاس ایک مسافر بردار طیارہ الٹا پڑا ہے۔’ اس کے بعد ایئرپورٹ کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا اور ہنگامی گاڑیوں کو رن وے پر داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
امریکا پرواز جہاز حادثہ طیارہ.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: امریکا پرواز جہاز طیارہ
پڑھیں:
قاتل وہیل کا انوکھا طرز عمل: دیوہیکل دشمن کی لاش کو زور دار ٹکریں مارنے کی وجہ کیا ہے؟
سائنس دانوں نے پہلی بار قاتل وہیل (اورکا) کے ایک ایسے غیرمعمولی رویے کا مشاہدہ کیا ہے جس میں وہ مردہ سن فش کو زور دار ٹکر مار کر ٹکڑے ٹکڑے کر دیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاکھوں سال پرانا وہیل مچھلیوں کا وسیع و عریض قبرستان دریافت، سائنسدان حیران
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق محققین بتاتے ہیں کہ یہ عمل یا تو خوراک کو چھوٹے حصوں میں تقسیم کرنے کے لیے کیا جاتا ہے یا پھر ممکن ہے کہ اورکا محض تفریح کے لیے ایسا کرتی ہوں۔
امریکی غیر سرکاری تنظیم ’بینیتھ دی ویوز‘ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک اورکا وہیل سن فش کی دم کو پکڑے ہوئے ہے جبکہ دوسری پوری طاقت کے ساتھ اس پر حملہ کرتی ہے جس کے نتیجے میں مچھلی کے ٹکڑے بکھر جاتے ہیں۔
محقق کیتھرین آئرس کے مطابق یہ سن فش پہلے ہی مردہ تھی اس لیے یہ شکار کرنے کا عمل نہیں تھا۔
Killer whales: orcas blow fish to bits, study finds.
Video from US-based NGO Beneath The Waves shows an orca holding the tail of a sunfish, while another whale charges with full force into the already dead fish, which explodes into pieces – possibly an attempt to turn the fish… pic.twitter.com/ZK4ZUnSzMH
— AFP News Agency (@AFP) July 23, 2026
انہوں نے بتایا کہ ممکن ہے اورکا وہیل مچھلی کو کھانے میں آسانی کے لیے چھوٹے حصوں میں تقسیم کر رہی ہوں تاہم یہ بھی ممکن ہے کہ وہ صرف کھیل رہی ہوں، کیونکہ اورکا وہیل اپنے شکار کے ساتھ کھیلنے کے لیے مشہور ہیں۔
کیتھرین آئرس نے کہا کہ اورکا اکثر اپنے شکار کو ٹکڑوں میں تقسیم کرکے اپنے گروہ کے دیگر ارکان خصوصاً بچوں اور کم عمر وہیلوں کے ساتھ بھی بانٹتی ہیں۔
یہ غیرمعمولی مناظر سال 2024 اور سال 2025 کے دوران خلیج کیلیفورنیا میں دو مختلف مواقع پر ریکارڈ کیے گئے جن کی تفصیلات سائنسی جریدے فرنٹیئرز اِن ایتھولوجی میں شائع ہونے والی تحقیقی رپورٹ میں پیش کی گئی ہیں۔
مزید پڑھیے: جرمنی میں ساحل پر پھنسے ہمپ بیک وہیل کو بچانے کی دوڑ، ریسکیو آپریشن جاری
تنظیم اوشن کیئر کے ڈائریکٹر برائے سائنس مارک پیٹر سیمنڈز نے اس رویے کو انسانوں کی اجتماعی دعوتوں سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ جیسے لوگ کھانے کے دوران سماجی روابط بھی قائم رکھتے ہیں اسی طرح اورکا وہیلوں میں بھی خوراک بانٹنے کا عمل سماجی تعلقات کا حصہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاید یہ اسی طرح ہو جیسے کسی رسمی دعوت میں میزبان گوشت کاٹ کر دوسروں میں تقسیم کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اورکا وہیل دنیا کے ذہین ترین سمندری شکاریوں میں شمار ہوتی ہیں اور شکار کے لیے نہایت پیچیدہ حکمت عملیاں استعمال کرتی ہیں۔
اس سے قبل بھی انہیں برف کے بڑے ٹکڑوں پر موجود سیل مچھلیوں کو گرانے کے لیے اجتماعی طور پر لہریں پیدا کرتے دیکھا جا چکا ہے تاکہ انہیں آسانی سے شکار کیا جا سکے۔
تحقیقی رپورٹس میں یہ بھی سامنے آ چکا ہے کہ بعض اورکا وہیل مردہ سالمن مچھلیوں کو اپنے سروں پر رکھتی ہیں تاہم اس عجیب رویے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی۔
مزید پڑھیں: ممبئی ساحل پر پھنسا 26 فٹ لمبا وہیل کا بچہ ریسکیو کے باوجود دم توڑ گیا
گزشتہ سال شائع ہونے والی ایک اور تحقیق کے مطابق سیلش سی میں رہنے والی شدید خطرے سے دوچار اورکا وہیلوں کو سمندری گھاس کے ٹکڑے توڑ کر ایک دوسرے کی صفائی اور جسم رگڑنے کے لیے بطور آلے استعمال کرتے بھی دیکھا گیا تھا۔
ویسٹرن آسٹریلیا کی کرٹن یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی سائنس دان ریبی کا ویلارڈ جو اس تحقیق کا حصہ نہیں تھیں نے کہا کہ یہ مشاہدہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ اورکا وہیل انتہائی ذہین مخلوق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے اس طرح کی تحقیقات لوگوں میں ان طاقتور سمندری شکاریوں کے لیے مزید احترام پیدا کریں گی۔
تحقیق کے مطابق سن فش دنیا کی سب سے بڑی ہڈی والی مچھلیوں میں شمار ہوتی ہے جس کا وزن 2 ہزار کلوگرام تک ہو سکتا ہے۔ اس کا چپٹا جسم اور منفرد ساخت اسے دیگر مچھلیوں سے ممتاز بناتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستانی سمندر میں وہیل اور ڈولفن کی 27 اقسام کی موجودگی خوش آئند ہے، وفاقی وزیر بحری امور
ماہرین نے واضح کیا کہ سن فش عام طور پر اس طرح ٹکڑوں میں نہیں بکھرتی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اورکا وہیل کی ٹکر غیرمعمولی طور پر طاقتور تھی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اورکا وہیل دلچسپ تحقیق سن فش قاتل وہیل کلر وہیل وہیل پر تحقیق وہیل کی سن فش کو ٹکر