ڈی جی آئی ایس پی آر کی جامعہ کراچی میں اساتذہ و طلبا کیساتھ خصوصی نشست
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2026 GMT
کراچی( سٹاف رپورٹر )ڈی جی آئی ایس پی آر نے جامعہ کراچی میں طلبا اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست کی،جہاں پہنچنے پر اساتذہ، طلبا اور فیکلٹی ممبران نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔خصوصی نشست کے دوران اساتذہ اور طلبا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج قومی سلامتی کے خلاف کسی بھی خطرے کا متحد ہو کر مقابلہ کریں گے۔اساتذہ نے اس موقع پر کہا کہ بغیر تحقیق معلومات پھیلانا معاشرتی انتشار اور غلط فہمیوں کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج کا تعلیمی اداروں سے رابطہ نوجوانوں کے اعتماد اور قومی سوچ میں اضافہ کرتا ہے۔طلبا نے بھی اس نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور سوشل میڈیا پر دشمن کے گمراہ کن بیانیے کو ناکام بنائیں گے۔طلبا نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے سوشل میڈیا پر مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن مہمات سے آگاہی کے حوالے سے گفتگو انتہائی سیر حاصل رہی۔نشست کے اختتام پر شرکا نے قومی یکجہتی اور شعور اجاگر کرنے کے لیے ایسے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
تیزی سے بڑھتی آبادی ملک کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے تیزی سے بڑھتی آبادی کو ملک کے لیے چیلنج قرار دے دیا۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ملک میں بہبود آبادی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد از جلد بلانے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، آبادی پر قابو پانے کیلئے اقدامات اور بہبود آبادی کو قومی فریضہ سمجھا جانا چاہیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے، آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی اور معاشی استحکام سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، بہبود آبادی اقدامات سے متعلق صوبوں کے ساتھ روابط اور ہم آہنگی مزید بہتر بنائی جائے، بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے مؤثر عوامی آگہی مہم کا کلیدی کردار ہے۔