تجارت کے فروغ میں جی ایس پی پلس سکیم کا کلیدی کردار، وزیراعظم: ایرانی صدر سے رابطہ، تعاون مزید مضبوط بنانے کا عزم
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2026 GMT
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+خبر نگار) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل شفاف انداز میں مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال ہوگی اور عوام کو نہ صرف بہترین سفری سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ پاکستان کا نام بھی بلند ہوگا۔ وہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی نجکاری کے حوالے سے حکومت اور عارف حبیب کنسورشیم کے مابین ٹرانزیکشن کی دستاویزات پر دستخط و تبادلے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم کے مشیر محمد علی سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب تاریخی اہمیت کی حامل ہے جس پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، پی آئی اے کی نجکاری کا عمل شفاف انداز میں بخوبی انجام کو پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ عارف حبیب کنسورشیم کا ملکی صنعتی ترقی اور خوشحالی کے لئے کردار نمایاں ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے مسافروں کے لئے آرام دہ سفر، ان کے تحفظ اور وقار کو یقینی بنائے گی۔ دنیا بھر میں پی آئی اے کا ڈنکا بجتا تھا اور ’’گریٹ پیپل ٹو فلائی ود‘‘ کا سلوگن پی آئی اے کی پہچان تھا۔ وہ پرامید ہیں کہ پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال ہوگی، سہولتوں کی بہتری سے ادارے کا معیار بھی بہتر ہو گا۔ انہوں نے نجکاری کے کامیاب عمل میں تمام شراکت داروں کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور حکومتی ٹیم نے اس سلسلے میں جو کردار ادا کیا وہ بے مثال ہے۔ نجکاری کے عمل میں بھرپور شرکت پر کنسورشیم کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔ انہوں نے مشیر نجکاری محمد علی کے پرائیویٹائزیشن کے عمل میں اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے انتہائی شفاف انداز میں نجکاری مکمل ہوئی۔ بولی کا سارا عمل براہ راست دکھایا گیا ، نجکاری کے بعد پی آئی اے پر سرمایہ کاری میں سے 55 ارب روپے قومی خزانے میں آئیں گے۔ کوئی شک نہیں کہ کنسورشیم کی محنت اور جذبے سے پاکستان کا وقار بلند ہوگا، عوام کو نہ صرف بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ پاکستان کا نام بھی بلند ہوگا۔چیئرمین کنسورشیم عارف حبیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو آگے آنے کا موقع فراہم کیا گیا، ہم نے قومی کاز کے لئے خود کو پیش کیا۔ 180ارب روپے کی سرمایہ کاری میں 125 ارب پی آئی اے کی بہتری پر خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروبار کے لئے ماحول سازگار ہے، میکرو اکنامک استحکام کی بدولت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، بوئنگ کمپنی کے ساتھ انتہائی مفید بات چیت ہوئی ہے، حکومتی سرپرستی سے سرمایہ کار مزید بہتر کام کر سکیں گے، خدمات میں بہتری، سٹاف کی بہبود اور ٹیکس آمدن میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم کے مشیر نجکاری محمد علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دستخط کی تقریب ایک تاریخی حیثیت رکھتی ہے، یہ تقریب اصلاحات کے عمل میں موجودہ حکومت کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے،کنسورشیم 180 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا، رقم کا 125 ارب پی آئی اے کی استعداد کار میں اضافے پر خرچ ہوگا جبکہ 55 ارب روپے حکومتی خزانے میں جمع ہوں گے۔ قبل ازیں تقریب میں حکومتی اور کنسورشیم کے نمائندوں کی جانب سے نجکاری کی دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔ علاوہ ازیں پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ادارہ جاتی میکانزم کے ذریعے اعلیٰ سطح روابط اور مشاورت کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جمعرات کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کے لئے پائیدار مذاکرات اور سفارتی تبادلہ خیال کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے دو طرفہ ادارہ جاتی میکانزم کے ذریعے اعلیٰ سطحی روابط اور مشاورت کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ پاکستان کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، ترقی و سلامتی، مائیگریشن اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کے فروغ میں جی ایس پی پلس سکیم کے کلیدی کردار پر زور دیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔ وزیر اعظم نے یورپی یونین کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تجارتی تعلقات بالخصوص جی ایس پی پلس کے تحت تجارت کے فروغ کے اقدامات پر قریبی تعاون کے لئے پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے یورپی یونین کے سفیر جنہوں نے چند ماہ قبل ہی پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، ترقی و سلامتی، مائیگریشن اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ شہباز شریف آج بڑے ایکسپورٹرز، کاروباری شخصیات سے ملاقات اور خطاب کریں گے۔ وزیراعظم ایکسپورٹرز، صنعتکاروں سے معاشی صورتحال، حکومتی اقدامات پر بات کریں گے۔نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کو ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مکالمہ اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے کرتے ہوئے کہا کہ کے عزم کا اعادہ یورپی یونین کے پی ا ئی اے کی پاکستان اور وزیراعظم کے سرمایہ کاری شہباز شریف سرمایہ کار کہ پاکستان نجکاری کے انہوں نے ارب روپے کا اظہار شریف نے کے فروغ اعظم کے کے لئے
پڑھیں:
نواز شریف گلگت بلتستان روانہ، انتخابی مہم میں حصہ لیں گے
راو دلشاد: محمد نواز شریف گلگت بلتستان کے دورے کے لیے روانہ ہو گئے، جہاں وہ پارٹی رہنماؤں اور ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور کے اولڈ ایئرپورٹ سے گلگت بلتستان روانہ ہوئے۔ اس موقع پر خواجہ محمد آصف اور رانا ثناء اللہ خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
پاکستان آسٹریلیا دوسرا ون ڈے، قذافی اسٹیڈیم میں سیکیورٹی و ٹریفک انتظامات مکمل
دورے کے دوران نواز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز اور مقامی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور انتخابی حکمت عملی پر مشاورت کریں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سربراہ گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں مختلف عوامی جلسوں سے بھی خطاب کریں گے۔
غیر ملکی خاتون کے مبینہ اغوا کیس میں نیا موڑ، پولیس تفتیش میں اہم انکشافات