سی ٹی ڈی اور سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، ژوب میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2026 GMT
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکورٹی فورسز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ایک بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائی ژوب کے علاقے مرغہ کبزئی زکوزئی میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، جہاں دہشت گرد عناصر بڑے پیمانے پر تخریبی کارروائیوں کی تیاری کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران 29 دیسی ساختہ بم، 3 خودکش جیکٹس اور 6 فریما کارڈز برآمد کیے گئے ہیں، جنہیں ممکنہ طور پر دہشت گرد حملوں میں استعمال کیا جانا تھا۔ برآمد ہونے والا یہ مواد اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دہشت گرد عناصر کسی بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، جسے سیکورٹی اداروں نے بروقت ناکام بنا دیا۔
سیکورٹی حکام کے مطابق یہ کامیاب کارروائی مؤثر انٹیلی جنس نیٹ ورک اور فورسز کی چوکس حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ اگر یہ مواد بروقت برآمد نہ کیا جاتا تو اس سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان کا خدشہ تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید تفتیش جاری ہے تاکہ دہشت گرد نیٹ ورک کے دیگر ارکان تک رسائی حاصل کی جا سکے۔
برآمد شدہ اسلحہ اور دھماکا خیز مواد کو تحویل میں لے کر اس کی فرانزک جانچ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی اداروں کے مطابق فریما کارڈز ممکنہ طور پر جعلی شناخت کے لیے استعمال کیے جانے تھے، جو دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو آسان بنا سکتے تھے۔
سیکورٹی فورسز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔
حکام کے مطابق دہشت گرد عناصر مختلف علاقوں میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی کوشش کر سکتے ہیں، تاہم سیکورٹی فورسز ملک بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل سیکورٹی فورسز
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔