ترک چیف ڈیفنس فورسز کی وزیرِ دفاع خواجہ آصف سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 30th, January 2026 GMT
اسلام آباد: (نیوزڈیسک) ترجمان وزارت دفاع کے مطابق ترک چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سلچوک بیرقدار اوغلو کی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات ہوئی۔
ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور ترکی کے مابین دیرینہ تاریخی دوستانہ تعلقات اور برادرانہ روابط کا اعادہ کیا، جو مشترکہ تاریخ، اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔
ترک چیف آف ڈیفنس فورسز نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
معزز مہمان نے افغانستان سمیت خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ترکی کے عزم کا اظہار کیا اور تنازعات سے بچاؤ، باہمی مشاورت اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے اجتماعی سلامتی کے فروغ پر زور دیا۔
وزیرِ دفاع نے بالخصوص مشکل اوقات میں ترک قیادت اور عوام کی مستقل حمایت اور اصولی مؤقف پر دلی شکریہ ادا کیا۔
خواجہ محمد آصف نے خطے میں امن و استحکام کے لیے رابطے، تحمل اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دفاعی اور سلامتی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کا اختتام پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا، جو سٹریٹجک ہم آہنگی اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے مشترکہ وژن کی عکاس ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: امن و استحکام کے
پڑھیں:
پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کیلئے فعال سفارتی کردار جاری رکھے ہوئے ہے، اسحاق ڈار
نائب وزیر اعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان آسیان ریجنل فورم کے ذریعے علاقائی امن، استحکام اور تعاون کے لیے پرعزم ہے اور مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے فعال سفارتی کردار جاری رکھا ہوا ہے۔
فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس سے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے فعال سفارتی کردار جاری رکھے ہو ئے ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل حل کریں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ جموں و کشمیرکے تنازع کا حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی بنیاد ہے، بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا تشویش ناک اور اشتعال انگیز اقدام ہے۔
اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے لیے غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی پاکستان کے لیے سنگین خطرہ ہے۔