صیہونی رژیم فلسطینیوں کو قتل کرنے کیلئے جھوٹے الزامات کا سہارا لے رہی ہے، حماس
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2026 GMT
اپنے ایک جاری بیان میں حازم قاسم کا کہنا تھا کہ اسرائیل ہمیں مورد الزام ٹہرا کر نہتے فلسطینی شہریوں کے ناحق قتل کا جواز تراش رہا ہے۔ اسلئے عالمی برادری کو اپنی ذمے داریوں پر عمل کرنا چاہئے۔ اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" کے ترجمان "حازم قاسم" نے مقاومتِ اسلامی کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے صیہونی دعووں کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہمیں مورد الزام ٹہرا کر نہتے فلسطینی شہریوں کے ناحق قتل کا جواز تراش رہا ہے۔ اس لئے عالمی برادری کو اپنی ذمے داریوں پر عمل کرنا چاہئے۔ اس موقع پر حازم قاسم نے غزہ کی پٹی پر تازہ ترین اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی۔ اس بارے میں انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم کا یہ دعویٰ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے جس میں اس نے موقف اپنایا کہ حالیہ اسرائیلی بمباری اور قتل و غارت گری، حماس کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کا جواب تھی۔ اسرائیل ان الزامات کے ذریعے اپنی شرمناک و وحشتناک کارستانیوں کو چھپانے کی کوشش کرتا ہے۔
حازم قاسم نے کہا کہ یہ بے بنیاد اور بے معنی دعوے اس بات کی نشان دہی کرتے ہیں کہ غاصب اسرائیل، ثالثوں، ضامن ممالک اور نام نہاد امن کونسل کے شراکت داروں کو خاطر میں نہیں لاتا۔ حماس کے ترجمان نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس منظم قتل عام کی واضح طور پر مذمت کریں اور عملی اقدامات کرتے ہوئے فوری طور پر انہیں روکنے کے لئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت سوز پالیسی و جرائم کے تسلسل کی وجہ سے صیہونی سربراہوں کا ٹرائل ہونا چاہئے اور انہیں سزائیں ملنی چاہئیں تاکہ ان کی انسان کُش پالیسی رکوائی جا سکے۔ واضح رہے کہ حماس کایہ بیان اس وقت سامنے آیا جب صیہونی فوج نے آج حماس کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کا بہانہ بنا کر غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں کو اپنے فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔ غزہ پٹی کی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق، آج کے صیہونی حملوں میں اب تک تقریباً 30 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: نے کہا کہ
پڑھیں:
پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کیلئے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز
پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کےلیے ڈرون مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے ڈرون مانیٹرنگ سے سیلابی ریلے کی آمد کی نشاندہی ممکن ہوگی۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی ڈرون سرویلنس شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تریموں بیراج میں ڈرون سرویلنس کے دوران واٹر لیول نارمل پایا گیا، پاکپتن میں دریائے راوی اور ستلج میں بھی واٹر لیول کی ڈرون مانیٹرنگ کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں دریائے چناب کے طالب والا پل پر ڈرون مانیٹرنگ میں پانی کا بہاؤ نارمل پایا گیا۔ ہیڈسدھنائی پر ڈرون مانیٹرنگ سے پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق ہیڈ مرالہ میں ڈرون سرویلنس کے دوران پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ منڈی بہاؤالدین کے رسول بیراج پر بھی پانی کا مانیٹر کیا گیا۔