کراچی، ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق، نئے سال کے پہلے ماہ تعداد 80 ہوگئی
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2026 GMT
شہر کے مختلف علاقوں میں ایک نوجوان سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے اور نئے سال 2026 کے پہلے مہینے جنوری میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق خواتین، بچوں اور بچیوں سمیت مجموعی تعداد 80 جبکہ زخمیوں کی تعداد 873 ہوگئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نارتھ کراچی میں ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہوگیا جنہیں انتہائی تشویش ناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔
ایس ایچ او سرسید فرخ ہاشمی نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 17 سالہ احسن بلال کے ہوئی جو موٹر سائیکل پر اپنے دوست زوہیب کے ساتھ سوار تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ نارتھ کراچی سیکٹر الیون بی نشتر کالج کے قریب کار سوار خاتون کی ٹکر سے پیش آیا جو موقع سے کار سمیت فرار ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ احسن شدید زخمی ہوا تھا جسے سرسید تھانے کے قریب قائم اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا بعدازاں متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ متوفی نارتھ کراچی سیکٹر 8 بلال کالونی کچی آبادی کا رہائشی تھا، جن کے ورثا بھی اسپتال پہنچ گئے اور اس حوالے سے پولیس نے نامعلوم کار سوار خاتون کے خلاف مقدمہ بھی درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔
دریں اثنا اورنگی ٹاؤن بنارس چوک کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ متوفی کی شناخت 35 سالہ حسن کے نام سے کی گئی جو راہگیر تھا جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوری 2026 میں شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران مجموعی طور پر 80 افراد جاں بحق جبکہ 873 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن چورہدری شاہد کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق شہر میں ہونے والے جان لیوا ٹریفک حادثات میں جاں بحق 80 افراد میں 59 مرد، 9 خواتین، 11 بچے اور ایک بچی شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والے 873 افراد میں 695 مرد، 125 خواتین، 39 بچے اور 14 بچیاں شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق شہر قائد میں سال کے پہلے ماہ کے دوران ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر21 افراد زندگی سے محروم ہوگئے جس میں سب سے زیادہ 10 جان لیوا ٹریفک حادثات ٹریلر کی ٹکر سے پیش آئے۔
اسی طرح واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 5 افراد، بس کی ٹکر سے 4 افراد، ڈمپر اور مزدا کی ٹکر سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ٹریفک حادثات میں افراد جاں بحق نے بتایا کہ کی ٹکر سے کے مطابق سے پیش ا
پڑھیں:
کوئٹہ، سرکاری دفاتر میں ایجنٹس کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائی، 14 افراد گرفتار
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کیلئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقات ادارے ایف آئی ای نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لئے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔ بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔