کراچی: صدر کی النجیبی موبائل مارکیٹ میں آگ، تین گاڑیاں جل گئیں
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2026 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی : شہر قائد کے مصروف علاقے صدر میں واقع النجیبی موبائل مارکیٹ میں اچانک آگ لگ گئی جس پر فائر بریگیڈ نے جلدی قابو پا لیا، آگ کی شدت سے مارکیٹ کی ساتویں منزل متاثر ہوئی جبکہ پارکنگ میں کھڑی تین گاڑیاں جل کر راکھ ہوگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ گل پلازہ کے قریب النجیبی مارکیٹ میں لگی اور اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ تین گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کی گئی تھیں تاکہ امدادی کارروائی میں تعاون کیا جا سکے۔
مارکیٹ انتظامیہ کے مطابق عمارت کی نچلی منزل پر الیکٹرانک مارکیٹ ہے جبکہ اوپر دفاتر موجود ہیں۔ آگ لگنے کے بعد ایک شخص کو عمارت سے باہر نکالا گیا، تاہم دھوئیں میں سانس لینے کے دوران اس کی حالت غیر ہوگئی اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
فائر بریگیڈ حکام نے تصدیق کی ہے کہ عمارت میں کوئی بھی شخص پھنسا ہوا نہیں ہے اور آگ پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی ابتدائی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کے بعد مارکیٹ کے اردگرد امدادی کارروائی جاری رہی اور علاقے کو حفاظتی اقدامات کے لیے عارضی طور پر بند کیا گیا تھا تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر فائر بریگیڈ کے عملے کو جائے وقوعہ پر پہنچانے کی ہدایت کی اور بروقت کارروائی کرنے کا حکم دیا۔
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: فائر بریگیڈ
پڑھیں:
موبائل کال اور انٹرنیٹ پیکجز مہنگے، صارفین پر نیا مالی بوجھ
اسلام آباد: موبائل انٹرنیٹ پیکجز مہنگے ہونے سے ملک بھر کے لاکھوں موبائل صارفین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق مختلف موبائل کمپنیوں کے متعدد کال، ہائبرڈ اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مختلف موبائل آپریٹرز کے 15 مقبول ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی قیمتوں میں 33 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ 15 روزہ پیکجز اب 300 روپے تک مہنگے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمت میں 130 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ تین روزہ پیکجز 21 روپے، دو روزہ پیکجز 20 روپے اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز 5 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے تمام نئی ٹیرف تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں، جہاں مختلف موبائل کمپنیوں کے کال اور انٹرنیٹ پیکجز، ان کی مدت، قیمت اور دستیاب سہولیات کا بآسانی موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور صارفین کو مختلف موبائل کمپنیوں کے پیکجز سے متعلق درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ خدمات کی قیمتوں میں اضافے سے طلبہ، فری لانسرز، آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور روزمرہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ماہانہ اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔