لاہور: فضائی آلودگی میں ایک بار پھر اضافہ، اسموگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات جاری
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2026 GMT
لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوا کی رفتار 4 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔
ماہرین کے مطابق دن 10 بجے کے بعد ہوا کا رخ اور رفتار تبدیل ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں ہوا کی رفتار 15 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ہونے پر اے کیو آئی میں کمی متوقع ہے۔
حکام کے مطابق جدید ڈیٹا، سائنسی ماڈلز اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے اسموگ پر قابو پانے میں نمایاں پیش رفت جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صاف فضا کے لیے اقدامات میں مزید تیزی لائی گئی ہے اور تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور پھر سے دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، فضائی آلودگی انتہائی خطرناک سطح تک پہنچ گئی
بسنت کے موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کی گئی فری پبلک ٹرانسپورٹ سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ سڑکوں پر گاڑیوں کا دباؤ کم کیا جا سکے اور اسموگ میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ذاتی گاڑیوں کے کم استعمال اور اجتماعی سفر کو ترجیح دیں۔
حکام کے مطابق بس، میٹرو بس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین 3 روز کے لیے بلا معاوضہ دستیاب ہوں گی تاکہ ٹریفک دباؤ میں کمی اور فضائی آلودگی میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکے۔
صوبائی حکومت کے مطابق آلودگی کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس سسٹمز فعال کر دیے گئے ہیں، جبکہ ڈیجیٹل میپنگ کے ذریعے صنعتی اخراج اور ٹریفک ایمیشن کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ اسموگ کنٹرول روم مکمل الرٹ ہے اور فیلڈ ٹیمیں ہائی الرٹ پر تعینات کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور ہائیکورٹ کا اسموگ تدراک کیس میں تحریری حکم جاری، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو پیشی کا حکم
اس کے علاوہ ڈرون سرویلنس کے ذریعے فیکٹریوں، بھٹوں اور گاڑیوں کی سخت نگرانی جاری ہے، جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر فوری جرمانے اور بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بزرگ شہریوں اور سانس کے مریضوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی تعاون کے بغیر سموگ پر قابو پانا ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت اور ماحولیاتی تحفظ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اسموگ فضائی آلودگی ماحولیات مریم اورنگزیب.
ذریعہ
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اسموگ فضائی آلودگی ماحولیات مریم اورنگزیب فضائی آلودگی کے مطابق کے لیے
پڑھیں:
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ
اسلام آباد: ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نئے نرخوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔
اوگرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
حکام کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا، جس کے بعد ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس پر نئے نرخ نافذ ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے اثرات پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔ گزشتہ چند روز کے دوران بھی مختلف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متعدد بار اضافہ کیا جا چکا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خور و نوش اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے، جس کے باعث مہنگائی کے دباؤ میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نئی قیمتیں ایک نظر میں
پیٹرول: 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر (4.40 روپے اضافہ)
ہائی اسپیڈ ڈیزل: 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر (3.62 روپے اضافہ)
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ قیمتیں آئندہ حکم نامے تک نافذ العمل رہیں گی۔