کراچی، مرتضی وہاب کا رات گئے سڑکوں کی بحالی و بیوٹیفکیشن کاموں کا معائنہ
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2026 GMT
میئر کراچی نے شہر کی مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر جاری بیوٹیفکیشن کے کاموں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو اب عملی طور پر واضح تبدیلی نظر آنی چاہیئے۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے میئر بیرسٹر مرتضی وہاب نے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری سڑکوں کی بحالی اور ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ انجینئرنگ کے افسران نے میئر کراچی کو جاری منصوبوں، پیش رفت اور معیارِ تعمیر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ میئر کراچی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت اور اعلی معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں، کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ساتھ شہر کی شاہراہوں کو خوبصورت بنانا بھی اولین ترجیح ہے تاکہ کراچی کا مجموعی منظرنامہ بہتر ہو۔
بیرسٹر مرتضی وہاب نے شہر کی مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر جاری بیوٹیفکیشن کے کاموں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو اب عملی طور پر واضح تبدیلی نظر آنی چاہیئے۔ میئر کراچی نے کہا کہ یہ سال تبدیلی کا سال ہے اور کراچی کے شہری اس کے مثبت اثرات جلد محسوس کریں گے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اب صرف وضاحتیں اور فائلوں تک محدود رپورٹس کافی نہیں، بلکہ سڑکوں اور شاہراہوں پر عملی اور نمایاں کام ہر صورت نظر آنا چاہیئے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: میئر کراچی کاموں کا کہا کہ
پڑھیں:
معاشی سرگرمیوں میں تیزی، کے الیکٹرک صنعتی صارفین کا بجلی استعمال ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا
کراچی: ملک میں معاشی سرگرمیوں میں بہتری کے ساتھ کے الیکٹرک صنعتی صارفین کی جانب سے بجلی کے استعمال نے نئی بلند ترین سطح حاصل کر لی۔ مالی سال 2026 کے دوران کے الیکٹرک کے صنعتی فیڈرز پر بجلی کی مجموعی کھپت 6 ارب 8 کروڑ یونٹس (6.08 ارب یونٹس) ریکارڈ کی گئی، جو ادارے کی تاریخ میں کسی بھی مالی سال کے دوران سب سے زیادہ ہے۔
کے الیکٹرک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صنعتی بجلی کی طلب میں یہ نمایاں اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3.7 فیصد رہی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کراچی کی صنعتوں کو مسلسل، قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی نے صنعتی پیداوار اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد طہٰ نے کہا کہ صنعتی بجلی کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ حکومت پاکستان، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور کراچی کی صنعتی برادری کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری کے بہتر ماحول، صنعتی سرگرمیوں میں تیزی اور کاروباری اعتماد میں اضافے نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے اور کے الیکٹرک 2013 سے صنعتی فیڈرز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھے ہوئے ہے تاکہ صنعتوں کی پیداوار اور برآمدات متاثر نہ ہوں۔
بی تھری کیٹیگری میں سب سے زیادہ بجلی استعمال
اعلامیے کے مطابق سب سے زیادہ بجلی کا استعمال بی تھری (B3) کیٹیگری میں ریکارڈ کیا گیا، جس میں 501 سے 5 ہزار کلوواٹ تک بجلی استعمال کرنے والی صنعتیں شامل ہیں۔ اس زمرے میں سیمنٹ، اسٹیل، ٹیکسٹائل، کیمیکل اور دیگر بڑے صنعتی شعبے شامل ہیں۔
ماہانہ بنیاد پر جون 2026 میں صنعتی بجلی کی کھپت سب سے زیادہ رہی، جبکہ اپریل 2026 دوسرے نمبر پر رہا۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد سے زائد اضافہ
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 میں صنعتی صارفین نے 5.04 ارب یونٹس بجلی استعمال کی تھی، جبکہ مالی سال 2026 میں یہ مقدار بڑھ کر 6.08 ارب یونٹس تک پہنچ گئی، جو 20 فیصد سے زائد سالانہ اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
اس سے قبل مالی سال 2022 میں صنعتی بجلی کی کھپت 5.84 ارب یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم رواں مالی سال میں یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
349 نئے صنعتی کنکشنز فراہم
کے الیکٹرک کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران 349 نئے صنعتی کنکشنز جاری کیے گئے، جبکہ 273 صنعتی صارفین نے اپنے بجلی کے لوڈ میں اضافہ کیا، جس سے مجموعی طور پر 168 میگاواٹ اضافی طلب قومی گرڈ میں شامل ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے صنعتوں کو کیپٹو پاور پلانٹس سے قومی گرڈ پر منتقل کرنے کی پالیسی، معاشی بحالی اور صنعتی پیداوار میں اضافے نے بھی بجلی کی طلب بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ صنعتی فیڈرز کی ریکوری کی شرح تمام صارفین کے مختلف زمروں میں سب سے بہتر رہی، جو بروقت بلوں کی ادائیگی اور لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ کے درمیان مضبوط تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔
کے الیکٹرک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی کی صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کو قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی آئندہ بھی اس کی اولین ترجیح رہے گی تاکہ ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا کردار جاری رکھا جا سکے۔