بنوں میں سی ٹی ڈی اہلکار اغوا، مسلح گروہ نے ذمہ داری قبول کرلی
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2026 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-e-type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ایک اہلکار کو مسلح افراد نے اغوا کر لیا، جس کے بعد علاقے میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ تھانہ ٹاؤن شپ کی حدود ڈوگر عمر زائی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے رات کے وقت اہلکار کے گھر پر حملہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق حملہ آور گھر کو آگ لگانے کے بعد سی ٹی ڈی کانسٹیبل قدیر ولد نور زادہ کو زبردستی ساتھ لے گئے۔ مغوی اہلکار سی پیک پولیس چوکی پر تعینات تھا اور انسداد دہشت گردی سے متعلق ذمہ داریاں انجام دے رہا تھا۔
واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
دریں اثنا مسلح تنظیم گیڈر گروپ ڈومیل نے مبینہ طور پر اس اغوا کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مغوی اہلکار کو ڈومیل کے علاقے اکبر علی خان کلے کے جنگلات کی جانب منتقل کیا گیا ہے، تاہم سرکاری سطح پر اس مقام کی تصدیق نہیں کی گئی۔
واقعے کے بعد مقامی آبادی میں خوف کی فضا ہے جب کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مغوی اہلکار کی بحفاظت بازیابی کے لیے مختلف پہلوؤں پر کارروائی کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
یو اے ای ویزا آن ارائیول کی نئی شرائط اور فیس جاری
دبئی: یو اے ای ویزا آن ارائیول سے متعلق متحدہ عرب امارات نے نئی شرائط، فیس اور درخواست کے طریقہ کار کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ نئی ہدایات کے تحت مخصوص ممالک کے اہل شہری امارات پہنچنے پر 14 یا 60 روزہ ویزا حاصل کر سکیں گے، تاہم اس کے لیے مقررہ شرائط پر پورا اترنا لازمی ہوگا۔
دبئی کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے مطابق بھارت، انڈونیشیا، ویتنام، تھائی لینڈ، فلپائن، کینیا اور جنوبی افریقہ کے شہری، اور ان کے ہمراہ سفر کرنے والے اہل خانہ، اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق درخواست گزار کے پاس کم از کم چھ ماہ کے لیے کارآمد پاسپورٹ، سفید پس منظر والی حالیہ رنگین تصویر اور امریکا، برطانیہ، یورپی یونین، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا یا سنگاپور کی جانب سے جاری کردہ قابل قبول رہائشی پرمٹ یا ویزا ہونا ضروری ہے۔
اعلامیے کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کو صرف ایک مرتبہ مزید 14 دن کے لیے توسیع دی جا سکتی ہے، جبکہ 60 روزہ ویزا میں توسیع کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔
جی ڈی آر ایف اے نے بتایا کہ ویزا کے لیے درخواست اس کی سرکاری ویب سائٹ یا اسمارٹ ایپ کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے۔ درخواست کی منظوری کے بعد ویزا رجسٹرڈ ای میل پر ارسال کیا جائے گا، جبکہ عام طور پر درخواستوں پر 48 گھنٹوں کے اندر کارروائی مکمل کر لی جاتی ہے۔
فیس کے حوالے سے جاری تفصیلات کے مطابق 14 روزہ ویزا آن ارائیول کی فیس 172.50 درہم جبکہ 60 روزہ ویزا کی فیس 422.50 درہم مقرر کی گئی ہے۔
جی ڈی آر ایف اے کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد بین الاقوامی مسافروں کے لیے سفری عمل کو مزید آسان بنانا، سیاحت کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو متحدہ عرب امارات کی جانب راغب کرنا ہے۔
ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اس پروگرام کے تحت 73 ہزار 551 ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو اس سہولت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اہم وضاحت: جاری کردہ شرائط میں پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز شامل نہیں ہیں۔ یہ سہولت صرف ان مخصوص ممالک کے شہریوں کے لیے ہے جن کا جی ڈی آر ایف اے نے اعلان کیا ہے۔