ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے دی
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2026 GMT
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹاس کے موقع پر پاکستان اور بھارت کرکٹ ٹیم کے کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا۔بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما پہلے ہی اوور میں سلمان آغا کی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ بھارت کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر ایشان کشن تھے جو کہ 40 گیندوں پر 77 رنز بناکر صائم ایوب کی گیند پر بولڈ ہوئے۔15 ویں اوور میں 126 کے مجموعی اسکور پر تلک ورما کو صائم ایوب نے آؤٹ کیا، انہوں نے 25 رنز بنائے۔ اگلی ہی گیند پر ہاردک پانڈیا بغیر کوئی رن بنائے صائم ایوب کا شکار بن گئے۔ پاکستان کے خلاف بھارت کی پانچویں وکٹ 159 رنز پر گری جب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو 32 رنز بناکر عثمان طارق کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ دوبے نے 27 جب کہ اکشر پٹیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ عثمان طارق، شاہین آفریدی اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ لی، ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔بھارت کے 176 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستانی ٹیم 18 اوور میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے۔ شاداب خان نے 14اور فہیم اشرف نے 10 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا، وورن چکرورتی، جسپریت بھمرا اور اکثر پٹیل نے دو، دو کھلاڑی آؤٹ کیے، تلک ورما اور کلدیپ یادیو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔آج پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ پاکستان کی پلئینگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان ، بابراعظم، سلمان علی آغا، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل تھے۔بھارتی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ ابھیشیک شرما اورکلدیپ یادیو کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔