بے نظیر آباد اسپورٹس فیسٹیول ویک کا انعقاد، کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2026 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-e-type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
بے نظیر آباد میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام اسپورٹس فیسٹیول ویک کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اختتامی تقریب میں ضلعی حکام، معزز مہمانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ تقریب کا ماحول جوش و خروش اور تالیوں سے گونجتا رہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قاضی رشید محمد بھٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور کھیل صحت مند معاشرے کی بنیاد ہیں، ایسے اسپورٹس فیسٹیول نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ انہیں منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں، ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھے گی تاکہ نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں۔
اس موقع پر نواب شاہ کے میئر سمیت دیگر معزز مہمانوں نے بھی خطاب کیا اور کامیاب کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نہ صرف صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے بلکہ ضلع کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوتا ہے۔ مقررین نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ محنت، نظم و ضبط اور کھیل کے جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے صوبائی اور قومی سطح پر کامیابیاں حاصل کریں۔
فیسٹیول کے دوران کرکٹ، فٹبال، بیڈمنٹن، دوڑ، کبڈی اور دیگر مقبول کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے جن میں اسکولوں، کالجوں اور مقامی کلبوں کے کھلاڑیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مقابلوں کے اختتام پر پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں جس پر شرکا نے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی۔
تقریب کے اختتام پر منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ سال اسپورٹس فیسٹیول کو مزید بڑے پیمانے پر منعقد کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس میں حصہ لے سکیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ شہریوں نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام علاقے میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے نہایت اہم ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: اسپورٹس فیسٹیول
پڑھیں:
مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ فائرنگ میں شہید، گن مین بھی جاں بحق
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین شہید ہوگئے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام سلیم کے مطابق سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کوئٹہ سے مستونگ جا رہے تھے کہ قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ حملے کے نتیجے میں سیشن جج اور ان کے گن مین موقع پر ہی شہید ہوگئے، جبکہ گاڑی میں سوار ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد شدید زخمی ہوئے۔
واقعے کے فوری بعد شہداء اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان بار کونسل نے حملے کو نظامِ انصاف پر دہشت گردانہ حملہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ بار کونسل نے واقعے کے خلاف صوبہ بھر میں دو روزہ عدالتی ہڑتال اور تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اعلامیے میں ججز، وکلا اور شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے، حملے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری اور انہیں قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے بھی واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو حملہ آوروں کی فوری گرفتاری اور واقعے کی جامع تحقیقات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار عناصر کو قانون کی گرفت سے نہیں بچنے دیا جائے گا۔