ڈی آئی خان: دہشت گردوں کا مسافر بسوں اور کسٹم آفس پر حملہ، ایک اہلکار شہید
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2026 GMT
ڈی آئی خان(نیوز ڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان میں رات گئے دہشت گردوں نے مسافر بسوں اور کسٹم آفس پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا، حملے کے نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق خوارج عناصر نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم پولیس کے کوئیک رسپانس یونٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا، پولیس کی بروقت جوابی فائرنگ کے باعث دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
حملے کے دوران پولیس کا ایک جوان شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہو گئے، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے اور علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔