خلیجی ممالک میں ملازمت کے خواہاں افراد کو جعلی فٹنس سرٹیفکیٹس دینے والے گروہ کے کارندے گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2026 GMT
کراچی:
خلیجی ممالک جانےوالے ملازمت کے خواہش مند افراد کے لیے جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس بنانے والے منظم گروہ کے کارندوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق شاہراہ فیصل کےعلاقے نرسری میں کارروائی کے دوران ایک منظم گروہ کے دو اہم کارندوں، محمد منیر اور محمد احسن رضا کو گرفتار کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان خلیجی ممالک میں روزگار کے حصول کے لیے جانے والے پاکستانی شہریوں کو جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس فراہم کرنےمیں ملوث تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان ہر فرد سے تقریبا دو سے ڈھائی لاکھ روپے وصول کرتےتھے اوروافد(گاماکا)کے میڈیکل ریکارڈ میں ردوبدل کرتے ہوئے"ان فٹ"قرار دیے گئے امیدواروں کا ریکارڈ حذف کرکے جعلی طور پر نئےفٹنس سرٹیفکیٹس جاری کرواتےتھے۔
انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے تین ایسے پاسپورٹس بھی برآمد کیے گئے، جو ان کی ملکیت نہیں تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ اس نیٹ ورک میں میڈیکل سینٹر کےعملے، ٹریول ایجنٹس اور متعدد سہولت کار شامل ہیں، جو منظم انداز میں یہ غیرقانونی سرگرمیاں چلا رہےتھے۔
ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان کے خلاف پی ایس ایم اے ایکٹ 2018(ترمیم شدہ 2025) کی دفعات 420،468،471،109 اور پاسپورٹ ایکٹ 1974کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع شروع کر دی گئی۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کی ٹیم کی شان دار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانی اسمگلنگ اور ایسے مجرمانہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی اور قانون شکن عناصر کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائےگا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پنکی کے بعد کراچی سے ایک اور منشیات فروش خاتون گرفتار
کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے مطلوب منشیات فروش خاتون شیریں شرینہ کو بیٹوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق شیریں شرینہ ملزمہ کو دونوں بیٹوں کے ساتھ کامران چورنگی سے گرفتار کیا گیا، ملزمہ ہیروئن، چرس اور دیگر منشیات فروخت کرتی تھی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ چند سال قبل گرفتار ہوکر جیل گئی تھی اور دو سال پہلے واپس آئی تھی، ملزمہ شیریں عرف شیرینہ کے خلاف 35 کے قریب مقدمات درج ہیں، ایک کیس میں ملزمہ کے قبضے سےدستی بم بھی برآمد ہوا تھا۔پولیس حکام کا بتانا ہے کہ ملزمہ اپنے فلیٹ کی کھڑکی سے ڈائریکٹ ہیروئن سپلائی کرتی تھی، گرفتار ملزمہ اور ملزمان سے مذید تفتیش کی جارہی ہے۔