پہلی تراویح، مسجدِ اقصیٰ میں پابندیوں کے باوجود ایمان کا سمندر اُمڈ آیا
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2026 GMT
چاند نظر آنے کے ساتھ ہی اسرائیلی پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود ہزار وںمسلمان مسجد اقصیٰ پہنچ گئے
اللہ کے حضور جھکنے کا جذبہ، نمازیوں نے قبلہ اول کے احاطوں کو بھر دیا،مسجدکے اندر صفیں در صفیں بندھ گئیں
مقبوضہ بیت المقدس کی فضا اس وقت ایمان کی حرارت سے بھر گئی جب اسرائیلی پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود دسیوں ہزار مسلمان پہلی تراویح کی ادائیگی کے لیے مسجد اقصیٰ پہنچ گئے۔ چاند نظر آنے کے ساتھ ہی جب رمضان المبارک کی آمد کا اعلان ہوا تو عاشقانِ رسولؐ کے قدم خود بخود قبلہ اول کی جانب اٹھنے لگے۔ گلیوں، دروازوں اور چوکیوں سے گزرتے ہوئے وہ سب ایک ہی جذبے سے سرشار تھے—اللہ کے حضور جھکنے کا جذبہ۔ نمازیوں نے قبلہ اول کے احاطوں کو بھر دیا، قبلی مسجد کے اندر صفیں در صفیں بندھ گئیں، جبکہ سنہری گنبد والی ڈوم آف راک کے اطراف بھی عبادت گزاروں کا سمندر امنڈ آیا۔ عشاء اور تراویح کی نماز کی امامت امام و خطیب شیخ یوسف ابو سنینہ نے کروائی، اور ہر سجدہ گویا صبر، استقامت اور امید کی داستان سنا رہا تھا۔ اگرچہ جنگ بندی کا اعلان ہو چکا ہے، مگر غزہ کے زخم ابھی تازہ ہیں اور مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑھتی کارروائیوں نے فلسطینیوں کے دلوں پر اداسی کی چادر تان رکھی ہے، ایسے میں رمضان کی پہلی رات آنسوؤں، دعاؤں اور امیدوں کا سنگم بن گئی۔ یروشلم گورنریٹ نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ اسرائیلی حکام رمضان کی تیاریوں میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں مگر پابندیاں ایمان کے سیلاب کے آگے ٹھہر نہ سکیں۔ بزرگوں کی لرزتی دعائیں، بچوں کی معصوم آنکھیں اور نوجوانوں کا عزم سب نے مل کر یہ پیغام دیا کہ مسجدِ اقصیٰ صرف ایک عمارت نہیں، ایک زندہ عقیدہ ہے۔ پہلی تراویح کی رات نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ جب دلوں میں یقین کی شمع روشن ہو تو رکاوٹیں دیوار نہیں بن سکتیں، قبلہ اول کی فضا میں گونجتی آمین کی صدائیں شاید دنیا کو یہ یاد دلا رہی تھیں کہ ایمان کو زنجیروں میں جکڑا نہیں جا سکتا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: قبلہ اول
پڑھیں:
پنجاب میں پہلی بار سیلاب کی پیشگی اطلاع کیلئے ڈرون مانیٹرنگ شروع
حکام کے مطابق تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرون سرویلنس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی ریلوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع اور نگرانی کے لیے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرون سرویلنس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی ریلوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔
ڈرون مانیٹرنگ کے دوران جھنگ کے تریموں بیراج میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ریکارڈ کی گئی جبکہ پاکپتن میں دریائے راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال، پانی کی آمد اور دریائی کناروں پر کٹاؤ کا جائزہ لیا گیا، جہاں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق رہا۔
سرگودھا میں دریائے چناب پر واقع طالب والا پل، خانیوال میں ہیڈ سدھنائی بیراج اور ہیڈ ورکس، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں رسول بیراج پر بھی ڈرون سرویلنس کے ذریعے پانی کے بہاؤ کی نگرانی کی گئی۔ حکام کے مطابق ساہیوال کے علاقے کتب شہانہ کے قریب نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سیالکوٹ کے ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ ہوا۔