خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 13 خوارج ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT
راولپنڈی:خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے پانچ اہم کارروائیوں کے دوران 13 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ کارروائیاں ڈیرہ اسماعیل خان، شمالی وزیرستان، لکی مروت اور ضلع خیبر میں ہوئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کھلاچی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ ان دہشت گردوں میں ایک اہم کمانڈر شاہ گل عرف روحانی بھی شامل تھا۔
شمالی وزیرستان کے علاقوں دوسالی اور تاپی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے دو کامیاب آپریشنز کیے، جس میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ مزید برآں، ضلع لکی مروت میں ایک کارروائی کے دوران 2 اور ضلع خیبر کے علاقے باغ میں ایک دہشت گرد ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، اور ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے اس آپریشن کو دہشت گردوں کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اہم کامیابی قرار دیا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد مارے گئے، مرد و خواتین خودکش بمبار گرفتار
سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں انٹیلیجنس بیسڈ مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد مارے گئے۔
سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران متعدد دہشتگرد گرفتار کیے گئے، گرفتار دہشتگردوں میں سہولتکار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں، کارروائی میں دہشتگردوں کےمتعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار ہے، دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز تیز کر دیے گئے، دہشت گردی کے خاتمے اور علاقے میں امن و امان کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔