بنوں‘ اسلام آباد‘ پشاور‘ کوئٹہ (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سکیورٹی فورسز نے خیبر پی کے کے ضلع بنوں کینٹ میں فتنہ الخوارج کی جانب سے دہشت گرد حملہ ناکام بناتے ہوئے 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز افطار کے بعد دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں داخلے کی کوشش کی جو ناکام بنا دی گئی۔ اس دوران دہشت گردوں نے 2 بارود سے بھری گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرائیں۔ فورسز نے دہشت گردوں کی بنوں کینٹ میں گھسنے کی کوشش ناکام بنائی اور سکیورٹی اہلکاروں نے 6 خارجی دہشت گردوں کو مختلف انٹری پوائنٹس پر ہلاک کیا۔ اہلکاروں نے دیگر دہشت گردوں کو بھی محصور کرلیا ہے۔ کئی قریبی گھر منہدم ہو گئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سینئر ضلعی پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خود کش بمباروں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری دو گاڑیاں بنوں چھاؤنی کے داخلی دروازے سے ٹکرا دیں جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر دھماکے ہوئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے بزدلانہ حملے میں 15 معصوم شہری شہید جبکہ 25  زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے خارجیوں کا ماہ رمضان میں افطار کے وقت معصوم شہریوں اور مسجد کو نشانہ بنانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ان خارجیوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے تمام خارجیوں کے صفایا تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔ بنوں دہشتگرد حملے میں15 شہری شہید ہو گئے جبکہ 25 زخمی ہیں۔ ترجمان ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر نعمان نے کہا ہے کہ شہید شہریوں میں 4 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔ خارجیوں نے افطار کے وقت جب بنوں بازار میں رش تھا، بارود سے بھری دو گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق خارجیوں نے ایک بارود سے بھری گاڑی بازار سے ملحقہ ایریا میں اڑا دی جس کی وجہ سے معصوم شہری شہید اور زخمی ہوئے اور قریبی مسجد بھی شہید ہو گئی۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بنوں کینٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان اور امن دشمن قوتوں کی مذموم سازش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اس طرح کی کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ چیئرمین سینٹ نے بنوں حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز نے بہادری سے اس حملے کو ناکام بنایا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ ہم اپنی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ہر لمحہ مادر وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر نے بھی دہشتگردی کی مذمت کی اور کہا افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور کے دفتر سے جاری ایک بیان میں ضلع بنوں میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی گئی ہے۔ قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے  ہوئے سینئر پولیس عہیداروں سے رپورٹ طلب کی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ آفس سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں اس طرح کے واقعات انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام خارجیوں کا صفایا کرنے تک فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔ ادھر بلوچستان میں کوسٹل ہائی وے بزی ٹاپ کے مقام پر  دہشت گردوں نے گاڑیوں پر حملہ کر دیا۔ مسلح افراد نے ناکہ بندی کرتے ہوئے ایک درجن سے زائد گیس باؤزر جلا دیئے۔ مسلح دہشت گردوں نے کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے مقام پر ناکہ لگا کر گاڑیوں کو روکا۔ اس دوران پولیس موبائل کو بھی نذر آتش کر دیا گیا۔ دہشت گردوں نے پسنی اور اورماڑہ کے درمیان کوسٹل ہائی وے پر ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ اطلاع ملنے پر فورسز کی بھاری نفری  جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ دہشت گرد فرار ہوگئے۔ جبکہ کوسٹل ہائی وے پر عارضی طور پر معطل ٹریفک بحال کر دی گئی۔ 

.

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: سکیورٹی ذرائع کے مطابق شہری شہید بنوں کینٹ کینٹ میں

پڑھیں:

عید پر تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام ‘را’ کے 3 دہشت گرد گرفتار

لاہور: عید پر تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام ہو گیا.سی ٹی ڈی نے ‘را’ کے 3 دہشت گرد گرفتار کر لیے، جو واٹس ایپ کے ذریعے بھارتی ایجنسی را سے رابطے میں تھے۔ سی ٹی ڈی نے پنجاب کے شہر جھنگ روڈ پٹھان کالونی میں کارروائی کرکے بھارتی حفیہ ایجنسی را کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے. ملزمان عید پر لاہور، بہاولنگر، بہاولپور اور پاکپتن میں اہم مقامات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار را کے ایجنٹ فتنہ الخوارج کے لیے بھی کام کرتے ہیں، ملزمان سرینگر، راجستھان میں را نمائندوں سے متعدد بارمل چکے ہیں۔ملزمان غیرقانونی طور پر بارڈر کراس کرکے را کے نمائندوں سے ملے، را کو واٹس ایپ کے ذریعے اہم مقامات کے نقشے بھیجے جاتے تھے۔ترجمان سی ٹی ڈی کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے را کے ایجنٹوں کیخلاف سی ٹی ڈی فیصل آباد نےمقدمہ درج کرلیا۔

متعلقہ مضامین

  • لکی مروت، اہم دہشتگرد کمانڈر چھوٹا وسیم گنڈی خانخیل سمیت 3 خوارج ہلاک
  • لکی مروت: اہم مقامی دہشت گرد کمانڈر چھوٹا وسیم گنڈی خانخیل سمیت 3 خوارج ہلاک
  • بلی کے ذریعے جیل میں چرس اسمگل کی کوشش ناکام
  • عید کے دوران صرف 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 100 سے زائد فلسطینی شہید
  • فیصل آباد سے گرفتار بھارتی ایجنسی ’را‘ کے 3 ایجنٹس کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
  • عید پر تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام ‘را’ کے 3 دہشت گرد گرفتار
  • یوکرین پر بڑا روسی حملہ، پانچ افراد ہلاک،۔متعدد زخمی
  • محسن نقوی کا دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سی ٹی ڈی کو خراج تحسین
  • عید کے دن بھی غزہ پر قیامت، اسرائیلی بمباری میں مزید 42 فلسطینی شہید
  • گوادر میں بہادری کی مثال، شہید سپاہی محمد خماری بلوچ کو قوم کا سلام