خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 15 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید
اشاعت کی تاریخ: 27th, April 2025 GMT
خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیوں میں 15 خوارج مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کے 2 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاعات آپریشنز میں ضلع کرک میں 8، شمالی وزیرستان میں 4 اور جنوبی وزیرستان کے علاقے گومل زام میں 3 خوارج مارے گئے۔
ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے، جو دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں خوارج کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک عثمان مہمند اور سپاہی عمران خان شہید ہو گئے۔
28 سال کے لانس نائیک عثمان مہمند شہید کا تعلق چارسدہ اور 26 سال کے سپاہی عمران خان شہید کا تعلق ضلع کُرم سے ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں موجود دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: سیکیورٹی فورسز
پڑھیں:
وزیراعظم کا چاروں وزرائے اعلیٰ ، پنجاب ، پختونخوا ، بلوچستان کے گورنرز سے رابطہ ، عید کی مبارکباد دی
وزیراعظم شہباز شریف نے چاروں وزرائے اعلیٰ ، گورنر خیبر پختونخوا ، گورنر پنجاب ، گورنر بلوچستان اور اسپیکر قومی اسمبلی کو ٹیلیفون کرکے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو ٹیلیفون کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔چاروں وزرائے اعلیٰ نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں بھی عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی .انہوں نے وزیر اعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے گورنر پنجاب ، گورنر خیبر پختونخوا، گورنر بلوچستان اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے رابطہ کرکے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہارکیا۔