خیبرپختونخوا سینیٹ ضمنی انتخاب: پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگئی
اشاعت کی تاریخ: 30th, July 2025 GMT
پشاور:خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی خواتین کی مخصوص نشست پر ضمنی انتخاب کل بروز جمعرات منعقد ہو گا، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس دوران پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اہم سیاسی مفاہمت سامنے آئی ہے، جس کے تحت دونوں جماعتوں نے سینیٹ الیکشن میں باہمی تعاون پر اتفاق کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کے حق میں اپنی امیدوار راحیلہ خان کو دستبردار کر لیا ہے۔ اس ضمن میں پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری شجاع خان نے راحیلہ بی بی کے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔ اس فیصلے کے تحت دونوں جماعتیں ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ثوبیہ شاہد کی حمایت کریں گی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے اس سے قبل سینیٹ الیکشن میں پیپلزپارٹی کی امیدوار روبینہ خالد کی حمایت کی تھی، اور اب یہ تعاون کے بدلے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی شکل اختیار کر گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل کل صبح 9 بجے کے پی اسمبلی کے جرگہ ہال میں شروع ہو گا۔ جاری کردہ حتمی فہرست کے مطابق کل 9 امیدوار میدان میں ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) کی ثوبیہ شاہد، پیپلزپارٹی کی راحیلہ بی بی (جنہوں نے دستبرداری اختیار کر لی) شامل ہیں۔ جمیعت علماء اسلام سے شازیہ، اور پی ٹی آئی کی مشال یوسفزئی آزاد حیثیت سے انتخاب میں حصہ لیں گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی پلان مکمل کر لیا گیا ہے، اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: مسلم لیگ
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔