ون ڈے انٹرنیشنل میں ویمنز کرکٹرز کی اپ ڈیٹ رینکنگ جاری
اشاعت کی تاریخ: 16th, September 2025 GMT
دبئی:
آئی سی سی نے ون ڈے انٹرنیشنل میں ویمنز کرکٹرز کی اپ ڈیٹ رینکنگ جاری کردی۔
بھارتی بلے باز سمریتی مندھانا نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد آئی سی سی ویمنز ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
مندھانا ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں چوتھی بار ٹاپ پوزیشن پر پہنچی ہیں۔ وہ پہلی بار جنوری 2019 میں نمبر ون بنی تھیں اور اس سے قبل جولائی میں بھی یہ اعزاز حاصل کیا تھا، جس کے بعد اسکیور-برنٹ نے ان سے پوزیشن چھین لی تھی۔ بھارت کی ہارمن پریت کور 12ویں اور جمیما روڈریگز 15ویں نمبر پر موجود ہیں۔
بیٹنگ میں کوئی پاکستانی ٹاپ ٹین میں شامل نہیں، پاکستان کی سدرہ امین 23 ویں نمبر پرہیں، عالیہ ریاض ایک درجے تنزلی کے بعد 33 ویں پوزیشن پر چلی گئیں۔
بولنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کی کم گارتھ اور الانا کنگ نے اپنے کیریئر کی بہترین چوتھی اور پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ بھارت کی اسپنر سنیہ رانا (1-51) پانچ درجے ترقی پا کر 16ویں نمبر پر آگئیں۔
انگلینڈ کی صوفی ایکلسٹن بدستور ون ڈے بولنگ رینکنگ میں سرفہرست ہیں، دیپتی شرما ساتویں نمبر پر واحد بھارتی بولر ہیں جو ٹاپ ٹین میں شامل ہیں۔ ٹاپ ٹین بولرز میں بھی کوئی پاکستانی شامل نہیں، پاکستان کی نشرہ سندھو 13 ویں، سعدیہ اقبال 15 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔
ون ڈے ٹیم رینکنگ میں آسٹریلیا ویمنز کی پہلی پوزیشن ہے، پاکستان ویمنز ٹیم آٹھ ویں نمبرپر موجود ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ویں نمبر
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔