بھارتی بورڈ کا ایشیا کپ ٹرافی کیلئے خط‘ انکار نہیں ‘ تقریب میں وصول کرلیں ِ محسن نقوی
اشاعت کی تاریخ: 22nd, October 2025 GMT
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے بی سی سی آئی کی جانب سے ایشیا کپ کی ٹرافی کیلئے لکھے گئے خط کا جواب دے دیا۔ ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی نے ایشیا کپ 2025ء کی ٹرافی وصول کرنے کیلئے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی کو خط لکھا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی نے خط کے جواب میں کہا کہ ٹرافی چاہیے تو تقریب منعقد کرتے ہیں، اس میں آ کر وصول کر لیں۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر نے بھارتی بورڈ کو ٹرافی دینے کی تقریب نومبر کے پہلے ہفتے میں دبئی میں رکھنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی بورڈ عہدیدار کسی ایک کھلاڑی کے ساتھ آ کر تقریب میں ٹرافی وصول کر سکتے ہیں۔ ایشیا کپ 2025ء کی فاتح بھارتی ٹیم نے اے سی سی کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی جس پر محسن نقوی نے ٹرافی واپس اے سی سی کے دفتر بھجوا دی تھی۔ بھارتی نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی بورڈ نے دفتر آ کر ٹرافی لینے کا محسن نقوی کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔ ٹرافی تنازعہ پر بھارت کو افغانستان اور سری لنکا بورڈ کی حمایت حاصل ہے۔ بھارت اے سی سی دفتر آ کر ٹرافی وصول نہیں کرے گا۔ بی سی سی آئی ایشیا کپ ٹرافی کا معاملہ آئندہ ماہ آئی سی سی میٹنگ میں اٹھائے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
’مضبوط رہیں‘، ریپر طلحہ انجم کا بھارتی طلبا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی
پاکستان کے معروف ریپر اور گلوکار طلحہ انجم نے نئی دہلی میں تعلیمی نظام کے خلاف احتجاج کرنے والے بھارتی طلبا سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہا ہے۔ انہوں نے طلبا پر ہونے والی پولیس کارروائی کے بعد ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غصے اور احساسات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔
طلحہ انجم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بھارتی طلبا کے احتجاج کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں مظاہرین پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج ہوتے دکھایا گیا۔ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’بھارت کے طلبا مظاہرین کے نام، مجھے آپ کی ثابت قدمی کا بے حد احترام ہے، میں آپ کی مایوسی اور غصے کو سمجھ سکتا ہوں، اور یہ بھی جانتا ہوں کہ آپ کے ساتھ کیا کیا جا رہا ہے، مضبوط رہیں۔‘
طلحہ انجم پاکستان کے سب سے زیادہ سنے جانے والے موسیقاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی پر ان کی مقبولیت کئی ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔ بھارت میں بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ گزشتہ برس نیپال میں ایک کنسرٹ کے دوران ایک مداح کی جانب سے بھارتی پرچم پیش کیے جانے پر وہ خبروں میں آئے تھے، بعد ازاں انہوں نے پاکستان میں اس معاملے پر وضاحت بھی کی تھی۔
سماجی اور انسانی مسائل پر کھل کر مؤقف اختیار کرنے والے طلحہ انجم اس سے قبل بھی کئی معاملات پر آواز بلند کر چکے ہیں۔ اپریل میں صومالیہ کے ساحل کے قریب قزاقوں کے قبضے میں جانے والے پاکستانی ملاحوں کی رہائی کے لیے انہوں نے حکومت سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا تھا اور وزارتِ خارجہ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے مستقل ہیلپ لائن قائم کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔
دوسری جانب بھارت میں تعلیمی امتحانات کے مبینہ پیپر لیکس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ گزشتہ ماہ سے جاری ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کے پلیٹ فارم سے ہونے والے اس دھرنے میں طلبہ وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حالیہ دنوں پارلیمنٹ کی جانب مارچ کی کوشش کے دوران پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔