امریکی صدر نے پاک بھارت جنگ میں 8 طیارے گرائے جانے کا دعویٰ کردیا
اشاعت کی تاریخ: 6th, November 2025 GMT
میامی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تقریب میں خطاب کے دوران پاک بھارت جنگ سے متعلق حیران کن دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جنگ میں مجموعی طور پر آٹھ طیارے تباہ ہوئے تھے۔
میامی میں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے مختلف اخبارات میں رپورٹس دیکھی ہیں جن میں بعض نے سات اور بعض نے آٹھ طیارے گرنے کی خبر دی۔ انہوں نے کہا کہ “میں کسی اخبار کا نام نہیں لوں گا کیونکہ ان میں سے زیادہ تر جعلی خبریں شائع کرتے ہیں، تاہم میرے ذرائع کے مطابق جنگ کے دوران آٹھ طیارے گرائے گئے تھے۔”
ٹرمپ نے ایک بار پھر اس جنگ کو رکوانے کا کریڈٹ لیتے ہوئے کہا کہ “میں نے ذاتی طور پر مداخلت کی، اور دونوں ایٹمی ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو ٹیرف اور اقتصادی دباؤ کے ذریعے ختم کیا۔”
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر یہ مداخلت نہ کی جاتی تو تنازع بہت زیادہ تباہ کن ثابت ہوسکتا تھا۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
زہران ممدانی کے میئر بننے کے بعد شہری نیویارک چھوڑ دیں گے، ٹرمپ کا متنازع دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک متنازع بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ نیویارک کے نو منتخب میئر زہران ممدانی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد شہری بڑی تعداد میں شہر چھوڑ کر فلوریڈا منتقل ہو جائیں گے۔
میامی میں منعقدہ ایک بزنس فورم سے خطاب کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ “نیویارک سٹی نے الیکشن کے دن اپنی خودمختاری کھو دی، اب دیکھتے ہیں زہران ممدانی اس شہر کو کس طرح چلاتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ نیویارک کامیاب ہو، لیکن ان کے لیے یہ آسان نہیں ہوگا۔”
ٹرمپ نے مزید کہا کہ “میامی جلد ہی نیویارک سٹی کے ان شہریوں کے لیے نئی پناہ گاہ بن جائے گا جو ممدانی کے بقول ‘کمیونسٹ نظریات’ سے بچنا چاہتے ہیں۔”
صدر ٹرمپ نے زہران ممدانی کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ “انہیں واشنگٹن کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا، ورنہ نقصان انہیں ہی اٹھانا پڑے گا۔ میں ممدانی سے بات کرنے کے لیے تیار ہوں، لیکن انہیں وفاقی حکومت کا احترام کرنا ہوگا اگر وہ کامیاب ہونا چاہتے ہیں۔”
ٹرمپ نے خطاب کے دوران بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “امریکا جوہری طاقت میں دنیا میں نمبر ون ہے، روس دوسرے اور چین تیسرے نمبر پر ہیں۔ لیکن آئندہ چار سے پانچ سال میں چین ہمارے برابر آ سکتا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ تینوں ممالک کے درمیان تخفیفِ اسلحہ کا منصوبہ کامیاب ہوتا ہے یا نہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “جنوبی افریقہ کو جی 20 ممالک کے گروپ سے نکال دینا چاہیے، اور میں رواں ماہ کے آخر میں وہاں ہونے والے جی 20 اجلاس میں شرکت نہیں کروں گا۔” ٹرمپ نے تقریب کے اختتام پر رقص بھی کیا، جس پر حاضرین نے قہقہے لگائے۔
یاد رہے کہ زہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلمان اور سب سے کم عمر میئر بن گئے ہیں۔ وہ امریکی صدر ٹرمپ اور کاروباری شخصیت ایلون مسک کی مخالفت کے باوجود الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئے۔