وزیراعظم سے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، برادرانہ تعلقات کا اعادہ
اشاعت کی تاریخ: 24th, November 2025 GMT
وزیراعظم سے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، برادرانہ تعلقات کا اعادہ
اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور سیکیورٹی سمیت دیگر تمام شعبوں میں تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سے سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، اس موقع پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار بھی موجود تھے۔
شہباز شریف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی، دفاعی اور سیکیورٹی سمیت دیگر تمام شعبوں میں تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے فیاض بن حمید الرویلی کا خیرمقدم کیا اورپاکستان کو ہر وقت فراہم کی جانے والی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی پر سعودی عرب کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مشترکہ عقیدے ، یکساں اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم نے گزشتہ دو ماہ کے دوران ریاض کے اپنے انتہائی کامیاب دوروں کا ذکر کیا ، جن کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
شہباز شریف نے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو بھی اجاگر کیا۔
فیاض بن حمید الرویلی نے سعودی قیادت کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کو تہنیتی پیغام پہنچایا۔
انہوں نے پاکستان کے ساتھ موجودہ بہترین دفاعی اور تزویراتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے سعودی عرب کی مضبوط خواہش کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی کے درمیان جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی تھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کی عسکری قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان دفاع، سیکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں ’دیرینہ اور اسٹریٹجک‘ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی تھی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا تھا کہ یہ گفتگو چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی کے درمیان جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوئی۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں بتایا تھا کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی، جس میں بالخصوص پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور اسٹریٹجک عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز رہی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: پاکستان اور سعودی عرب کو مزید مضبوط بنانے چیف ا ف جنرل اسٹاف برادرانہ تعلقات سعودی عرب کے کے درمیان کے دوران کا اعادہ
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔